Live Updates

ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق نے گوادر کرکٹ اکیڈمی نئی کٹ کی رونمائی کردی

ْ اُمید ہے گوادر سے جلد بہترین ٹیلنٹ قومی سطح پر ابھرے گا اور ملک کا نام روشن کریگا: خطاب

اتوار 21 ستمبر 2025 16:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء) پاک چین اقتصادی راہدار ی کے مرکز سی پیک کے گوادر کی پہلی پروفیشنل اکیڈمی (گوادر کرکٹ اکیڈمی)کی نئی پروفیشنل ڈریس کی رونمائی کر دی گئی ۔قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن سابق ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق نے گوادر کرکٹ اکیڈمی کی نئی پروفیشنل ڈریس کی رونمائی کی ۔ان کے ہمراہ گوادر کرکٹ اکیڈمی کے بانی صدر حنیف حسین اور جونیئر کرکٹر مبین میرک بھی موجودتھے۔

گوادر کرکٹ اکیڈمی کی نئی پروفیشنل کٹ کراچی کے ملک برادران نے اسپانسر ہے ۔ حنیف حسین نے کھیلوں سے بے پناہ محبت کرنے والے ملک عمادکی جانب سے گوادر کرکٹ اکیڈمی کے بچوں اور نوجوان کھلاڑیوں کیلئے نئی پروفیشنل کٹ کی فراہمی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس کاوش پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن سابق ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق نے اپنے خطاب میں کہا کہ گوادر کی نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سمیت دیگر سماجی برائیوں سے بچا کر معاشرے کا مفید شہری بنانے کے مشن پر گامزن گوادر کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور گوادر کرکٹ اکیڈمی کے بانی صدرحنیف حسین نے گوادرمیں پروفیشنل کرکٹ اکیڈمی بناکر نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے جو مواقع دیئے ہیں پورے بلوچستان میں ایسی کو ئی مثال نہیں ملتی ، گوادر میں پروفیشنل کرکٹ اکیڈمی کا قیام یہاں کے بچوں کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں ہے لہٰذا بلوچستان بلخصوص ضلع گوادر کی نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ اس اکیڈمی سے بھرپور استعفاد حاصل کریں ، گوادر کرکٹ اکیڈمی نے بلوچستان کرکٹ میں نئی روح پھونک دی ہے اُمید ہے گوادر سے جلد بہترین ٹیلنٹ قومی سطح پر ابھرے گا اور ملک کا نام روشن کرنے کا سبب بنے گا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق نے اکیڈمی کے سیمینارز، کوچنگ کیمپس اور بڑے شہروں کے دوروں کو نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور اعتماد کیلئے انتہائی اہم قرار دیا۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات