برسلز میں پاکستان کے سفارتخانے کا بیلجیم ہیریٹیج ڈے 2025 کے موقع پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد ، پاکستان کے ثقافتی ورثے، روایات اور مثبت تشخص کو اجاگر کیا گیا

پیر 22 ستمبر 2025 00:30

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) برسلز میں پاکستان کے سفارتخانے نے بیلجیم ہیریٹیج ڈے 2025 کے موقع پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا جس میں پاکستان کے ثقافتی ورثے، روایات اور مثبت تشخص کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب میں بیلجیم سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مہمانوں نے شرکت کی۔بیلجیم میں پاکستان کے سفارتخانے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کے سفیر برائے بیلجیم و یورپی یونین، رحیم حیات قریشی نے تقریب کا افتتاح کیا اور اپنے خطاب میں کہا کہ ثقافتی سفارتکاری عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے اور پاکستان و یورپ کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔

اس موقع پر پاکستانی روایتی ملبوسات، دستکاری، دلکش فوٹوگرافی اور اہم برآمدی مصنوعات کو نمایاں طور پر پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

بچوں کے لیے تفریحی سرگرمیاں اور مہندی کا خصوصی گوشہ بھی رکھا گیا جس نے شرکاء کی توجہ حاصل کی۔ پاکستانی اور کشمیری کھانوں کے خصوصی اسٹالز بھی لگائے گئے جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔ پاکستان کی تاریخ، ثقافت اور سیاحت کے امکانات کو اجاگر کرنے کے لیے دستاویزی فلمیں، کتابیں اور معلوماتی اسٹالز بھی سجائے گئے۔واضح رہے کہ برسلز ہیریٹیج ڈے کے موقع پر مختلف ممالک کے سفارتی مشنز اور سرکاری عمارتیں عوام کے لیے کھول دی جاتی ہیں۔ اس موقع پر پاکستانی سفارتخانے نے بھرپور اور رنگارنگ پروگرام کے ذریعے پاکستان کے ثقافتی ورثے کو نمایاں طور پر پیش کیا۔