Live Updates

فخر زمان کا آؤٹ شاید غلط تھا‘ ٹیم نے پرفیکٹ گیم نہیں کھیلا، سلمان آغا

بھارتی بیٹرز نے پاور پلے میں شانداربیٹنگ کرکے میچ ہم سےچھین لیا، ہماری اننگز میں 10 سے 15 رنز بھی کم ہوئے، ہمارے رنز 180 سے زائد ہونا چاہیئے تھے؛ کپتان قومی کرکٹ ٹیم کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی پیر 22 ستمبر 2025 13:24

فخر زمان کا آؤٹ شاید غلط تھا‘ ٹیم نے پرفیکٹ گیم نہیں کھیلا، سلمان آغا
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2025ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ فخر زمان کا آؤٹ شاید غلط تھا لیکن فیصلہ امپائرز ہی کرتے ہیں۔ ایشیاء کپ سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فخر زمان کا آؤٹ شاید غلط تھا اور ہمیں لگا کہ گیند زمین پر لگی تاہم آخری فیصلہ امپائر کا ہی ہوتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم نے لیفٹ اور رائٹ کمبینیشن کے ذریعے باؤلر سے باؤلنگ کرائی لیکن ہمارے باؤلرز نے باؤلنگ توقع کے مطابق نہیں کی، ہماری اننگز میں 10 سے 15 رنز بھی کم ہوئے، ہمارے رنز 180 سے زائد ہونا چاہیئے تھے، مجموعی طور پر ٹیم نے بہتر کھیل نہیں کھیلا اور بھارتی بیٹرز نے پاور پلے میں شاندار بیٹنگ کرکے میچ ہم سے چھین لیا، اپنی خامیوں کو سری لنکا کے خلاف میچ میں دور کرنے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا کہ پاکستان کے میچز میں بھارت کی جیت کا تناسب تقریباً 1-10 ہے، پاکستان کرکٹ کے مقابلوں میں اب ہمارا حریف نہیں رہا، ہم نے پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ وکٹ کو سمجھ کر کیا، میچ کا ٹرننگ پوائنٹ 10 اوورز کے بعد کا تھا، بریک کے بعد بھارتی باؤلرز نئے روپ میں سامنے آئے تاہم فیلڈنگ میں ہم سے غلطیاں ہوئیں، لگتا ہے کیچ چھوڑنے والوں کے ہاتھوں میں مکھن لگا ہوا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ابھیشیک بیٹنگ سٹائل میں بہت ہی بے لوث ہے، یہ بس اس کا انداز ہے، پاور پلے میں وہ سخت کھیلتا ہے لیکن اس کے بعد بھی اسے پتا ہوتا ہے کہ کیا ضروری ہے، ابھیشک صورتحال کا تجزیہ کرتا ہے، ہر میچ سے سیکھ رہا ہے، سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ کبھی پریکٹس نہیں چھوڑتا، چاہے اسے بیٹنگ کا دل نہ بھی ہو پھر بھی وہ گراؤنڈ میں ہوتا ہے اور کچھ نہ کچھ کرتا رہتا ہے، جب آپ اتنی محنت کرتے ہیں تو خدا کے پاس ہمیشہ آپ کے لیے منصوبے ہوتے ہیں۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات