Live Updates

ٹیمبا باووما انجری مسائل کے باعث پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر، ایڈن مارکرم قیادت کریں گے

پیر 22 ستمبر 2025 14:12

ٹیمبا باووما انجری مسائل کے باعث پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر، ..
جوہانسبرگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) جنوبی افریقاکے ٹیسٹ کپتان ٹیمبا باووما پنڈلی کی چوٹ کے باعث پاکستان کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ کرکٹ سائوتھ افریقا(سی ایس اے)کے مطابق ٹیمباباووما کو حالیہ انگلینڈ کے دورے کے دوران انجری ہوئی تھی، اور انہیں مکمل طور پر صحتیاب ہونے کے لیے 6 سے 8 ہفتے درکار ہیں۔

ان کی غیر موجودگی میں ایڈن مارکرم قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ڈیوڈ ملر ٹی20 ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ میتھیو بریٹزکے کو ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔سائمن ہارمر کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، جو مارچ 2023 کے بعد پہلا ٹیسٹ کھیلیں گے۔ ان کے ساتھ سینوران متھوسامی اور پرینیلن سبریئن بھی سپن بالرز میں شامل ہوں گے۔ٹیم کے لیے سب سے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ وکٹ کیپر قُوینٹن ڈی کوک نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لے لی ہے اور وہ پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی20 دونوں فارمیٹس میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آخری بار جون 2024 میں ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں شرکت کی تھی۔ہیڈ کوچ شوکری کونراڈ نے کہا ہے کہ ٹیمبا باووماکی کمی ضرور محسوس ہو گی، لیکن ہمیں امید ہے وہ بھارت کے خلاف سیریز سے پہلے مکمل فٹ ہو جائیں گے۔ انہوں نے ڈی کوک کی واپسی کو بڑی خوشخبری قرار دیا اور کہا کہ ان کی شمولیت سے ٹیم کو بہت فائدہ ہو گا۔جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنے دورہ پاکستان کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ ،تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سکواڈ کی قیادت ایڈن مارکرم کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ بیڈنگھم، کوربن بوش، ڈیوالڈ بریوس، ٹونی ڈی زورزی، زبیر حمزہ، سائمن ہارمر، مارکو جانسن، کیشَو مہاراج ، ویان ملڈر، سینوران متھوسامی، کگیسو ربادا، رائن رکلٹن، ٹرسٹن سٹبز، پرینیلن سبریئن اور کائل ویرینے شامل ہیں۔پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 12 سے 16 اکتوبر تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات