راجستھان کے صحرا میں بھارتی فوج کی’’ اموگ فیوری ‘‘جنگی مشق کاانعقاد

پیر 22 ستمبر 2025 15:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2025ء) بھارتی فوج نے ایک بارپھراپنے جنگی جنون کا مظاہرہ کرتے ہوئے راجستھان کے صحرائے تھر میں مہاجن فیلڈ فائرنگ رینجز میں جنگی مشقوں کا انعقاد کیا جس کا کوڈ نام’’ اموگھ فیوری ‘‘تھا جس میں اس کے جنگی پلیٹ فارمز اور جنگی حکمت عملی کی نمائش کی گئی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنوب مغربی کمان کے تحت منعقد ہونے والی اس مشق کا مقصد آپریشنل صلاحیتوںکو بڑھانا تھاجسے فوج نے’’ملٹی ڈومین جنگی میدان کا ماحول‘‘قرار دیا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام خاص طور پر رواں سال کے شروع میں پاکستان کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں بھارت کے بڑھتے ہوئے جنگی جنون کی عکاسی کرتا ہے ۔بھارتی فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ مشقوںمیں مربوط انداز میں فوجیوں کی شمولیت، جارحانہ زمینی کارروائیاں اور متعدد جنگی ہتھیار اور سروسزشامل تھیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ جنگی ٹینک، فوجی گاڑیاں، ہیلی کاپٹر، طویل فاصلے تک مار کرنے والے توپ خانے اور ڈرونز جنگی مشقوں کا حصہ تھے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مشق میں نیٹ ورک سینٹرک کمیونیکیشن، کمانڈ اینڈ کنٹرول آرکیٹیکچر، ریئل ٹائم سرویلنس اور ٹارگٹنگ سسٹم سمیت نئی ٹیکنالوجیز کا بھی تجربہ کیا گیا۔بھارتی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس کا مقصد مستقبل کے تنازعات کے لیے مشترکہ کارروائیوں، آپریشنل تیاریوں اور تکنیکی انضمام کو مضبوط کرنا تھا۔مبصرین کا کہنا ہے کہ ایسے وقت میں جب عالمی برادری جنوبی ایشیا میں تحمل اور امن خاص طور پر دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے بات چیت پر زور دے رہی ہے، اس طرح سے بڑے پیمانے پر فوجی مشقیں کرنا بھارت کے جارحانہ رویے اور جنگی تیاریوں کی نشاندہی کرتی ہیں ۔