بھارت سے ہارنے کے بعد پاکستان فائنل میں کیسے پہنچے گا؟ صورتحال واضح ہوگئی

اس وقت بھارت +0.689 کے بہتر نیٹ رن ریٹ کے باعث پہلے اور بنگلہ دیش +0.121 کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے

Sajid Ali ساجد علی پیر 22 ستمبر 2025 14:53

بھارت سے ہارنے کے بعد پاکستان فائنل میں کیسے پہنچے گا؟ صورتحال واضح ..
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2025ء ) ایشیاء کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بھارت سے ہارنے کے بعد پاکستان فائنل میں کیسے پہنچے گا؟ صورتحال واضح ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت اور بنگلہ دیش نے سپر فور مرحلے کے اپنے اب تک کے میچز جیت لیے ہیں، بھارت نے اتوار کے روز روایتی حریف پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دی، اس سے پہلے بنگلہ دیش کی ٹیم سری لنکا کو چار وکٹوں سے ہراچکی ہے، ان نتائج کے بعد بھارت اور بنگلہ دیش دو دو پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہیں۔

اس وقت بھارت +0.689 کے بہتر نیٹ رن ریٹ کے باعث پہلے نمبر پر ہے، بنگلہ دیش +0.121 کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، پاکستان اور سری لنکا کے حصے میں ابھی تک کوئی پوائنٹ نہیں آیا لیکن چار میچ باقی ہونے کے باعث دونوں ٹیمیں اب بھی فائنل کی دوڑ میں شامل ہیں جس کے لیے پاکستان کو اپنے اگلے دونوں میچ جیتنے ہوں گے، پہلے منگل کو سری لنکا کے خلاف اور پھر جمعرات کو بنگلہ دیش کے خلاف بھی فتح ضروری ہے، ان دو کامیابیوں کے ساتھ پاکستان کو چار پوائنٹس مل جائیں گے، اس طرح اگلے اتوار کو بھارت کے ساتھ فائنل میں تیسری بار ٹاکرا ممکن ہے۔

(جاری ہے)

کیوں کہ اگر پاکستان نے سری لنکا کو منگل کے روز شکست دی تو سری لنکا مسلسل دو میچ ہارنے کی وجہ سے ایونٹ سے باہر ہو جائے گا، بھارت اور بنگلہ دیش بدھ کو آمنے سامنے ہوں گے اور توقع ہے کہ بھارتی ٹیم یہ میچ جیت کر فائنل میں ناقابل شکست رسائی حاصل کرے گی، اس صورت میں پاکستان کے لیے جمعرات کو بنگلہ دیش کے خلاف مقابلہ ایک ورچوئل سیمی فائنل ہوگا جب کہ جمعہ کو بھارت اور سری لنکا کا میچ پھر محض رسمی نوعیت کا رہ جائے گا۔