Live Updates

فخر زمان کے متنازعہ آؤٹ پر پاکستان نے آئی سی سی سے ٹی وی امپائر کی شکایت کردی

کرکٹ ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ نے میچ کے بعد تحفظات سے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو آگاہ کرتے ہوئے شکایت درج کرائی

Sajid Ali ساجد علی پیر 22 ستمبر 2025 14:15

فخر زمان کے متنازعہ آؤٹ پر پاکستان نے آئی سی سی سے ٹی وی امپائر کی ..
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2025ء ) ایشیاء کپ سپر فور مرحلے کے میچ میں اوپننگ بلے باز فخر زمان کے متنازعہ آؤٹ پر پاکستان نے آئی سی سی سے ٹی وی امپائر کی شکایت کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ٹیم انتظامیہ کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ میں فخر زمان کے متنازعہ آؤٹ پر آئی سی سی سے ٹی وی امپائر کی شکایت کی گئی ہے کیوں کہ پاکستان اور بھارت کے اہم میچ میں ٹی وی امپائر کی جانب سے فخر زمان کا متنازعہ آوٹ دیا گیا جس پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے میچ کے بعد اپنے تحفظات سے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو آگاہ کرتے ہوئے شکایت درج کرائی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ کے بعد کپتان کی میچ رپورٹ میں بھی پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے متنازعہ فیصلے کو ہائی لائٹ کیا، اس کے علاوہ آئی سی سی کے امپائرز اور منیجر کو بھی ٹیم انتظامیہ نے اپنے تحفظات ظاہر کرتے ہوئے باضابطہ شکایت کی۔

(جاری ہے)

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ایشیاء کپ سپر فور مرحلے کے پاکستان اور بھارت کے اس اہم ترین میچ میں غیر معروف اور نا تجربہ کار ٹی وی امپائر کو ذمہ داریاں دی گئیں اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے ٹی وی امپائرعزت اللہ صفی نے فخر زمان کو متنازعہ انداز میں کاٹ بی ہائینڈ قرار دیا، جس پر یہ تنازعہ کھڑا ہوا۔

Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات