تعلیم اور شعور ہی قوم کی اصل طاقت ہیں، کراچی کو تعلیمی و تربیتی میدان میں قیادت کرنا ہوگی، ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی

پیر 22 ستمبر 2025 21:29

تعلیم اور شعور ہی قوم کی اصل طاقت ہیں، کراچی کو تعلیمی و تربیتی میدان ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2025ء)لیاقت میموریل لائبریری آڈیٹوریم اسٹیڈیم روڈ کراچی میں غیر رسمی اسکول اساتذہ کے ساتھ ایک اہم فالو اپ میٹنگ منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت اور چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی سید امین الحق نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر بڑی تعداد میں معززین، اساتذہ اور کارکنان شریک ہوئے۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تعلیم اور شعور ہی فلاح کا واحد راستہ ہیں اور یہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ہمیشہ سیاست کو خدمت اور عبادت سمجھ کر عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دیتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ایم آئی ٹی کو کراچی میں لانے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ یہ شہر تعلیم و تربیت کے میدان میں ملک کی قیادت کرے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جب تک کراچی میں خوشحالی نہیں آئے گی اسلام آباد بھی ترقی نہیں کرسکتا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما سابق وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور ہمیں تعلیم کے شعبے میں مصنوعی ذہانت، سائبر سیکیورٹی، بلاک چین اور گیمنگ جیسی جدید ٹیکنالوجیز کو اپنانا ہوگا تاکہ پاکستان ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے دورِ وزارت آئی ٹی کے دوران پاکستان میں موبائل فون مینوفیکچرنگ کا آغاز کیا گیا جس کے نتیجے میں 25 سے زائد کمپنیاں ملک میں اسمارٹ فونز بنا رہی ہیں اور لاکھوں نوجوانوں کو روزگار ملا ہے۔ اسی طرح کراچی نیشنل آئی ٹی پارک کا منصوبہ بھی ایم کیو ایم کی کاوشوں سے شروع ہوا جو اگلے سال دسمبر تک مکمل ہوگا اور پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلائے گا۔

سید امین الحق نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نوجوانوں کو جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ وہ گھر بیٹھے روزگار کما سکیں اور دنیا کی ترقی کی دوڑ میں پاکستان کو آگے لے جا سکیں۔اس موقع پر مشہور سماجی شخصیت شہزاد رائے اور ایم کیوایم پاکستان کے مرکزی رہنماں سمیت حق پرست سینیٹر خالدہ اطیب، اپوزیشن لیڈر صوبائی اسمبلی علی خورشیدی اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔