ْجی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں جیل ٹرائل منتقلی اور سماعت کی فوٹیج سے متعلق درخواستیں مسترد

عدالت نے 27 ستمبر کو آئندہ سماعت پر استغاثہ کے مزید 3 گواہوں کو بیان ریکارڈ کروانے کے لئے طلب کرلیا

منگل 23 ستمبر 2025 17:54

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء)انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کے وکلا کی جیل ٹرائل منتقلی پر ہائیکورٹ کے فیصلے تک کارروائی روکنے اور 19 ستمبر کی سماعت کی فوٹیج فراہم کرنیکی درخواستیں مسترد کر دی گئیں جبکہ جج امجد علی شاہ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ہائیکورٹ کے واضح احکامات تک عدالتی کارروائی روکی نہیں جا سکتی۔

انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے بانی پی ٹی آئی کے وکلا کی 19 ستمبر کی سماعت کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی فراہمی اور جیل ٹرائل منتقل کرنیسے متعلق ہائیکورٹ کے فیصلے تک عدالتی کاروائی روکنے سے متعلق متفرق درخواستوں مسترد کر دیں۔وکیل سلمان اکرم راجا نے اعتراض اٹھایا کہ کال کوٹھڑی میں بند شخص کو واٹس ایپ کال کے ذریعے پیش کرنا خلاف آئین ہے۔

(جاری ہے)

جج امجد علی شاہ نے کہا کہ آپ اسے بیشک ہائیکورٹ میں چیلنج کریں،عدالت عالیہ کے واضح احکامات تک کارروائی روکی نہیں جا سکتی، سلمان اکرم راجا کی استدعا پر ان کی واٹس ایپ ویڈیو کال پر موجود بانی سیبات کروائی گئی تاہم وہ آواز واضح نہ ہونے کا بہانہ بناتے ہوئے کارروائی کا بائیکاٹ کر گئے۔ پبلک پراسیکیوٹرز نے مؤقف اپنایا وکلا صفائی کا واحد مقصد کارروائی میں خلل ڈالنا ہے۔ وہ عدالت کا وقت ضائع کر رہے ہیں، وکلا صفائی کے بائیکاٹ کے باوجود استغاثہ کے مزید 8 گواہان کے بیانات قلمبند کرلیے۔ عدالت نے 27 ستمبر کو آئندہ سماعت پر استغاثہ کے مزید 3 گواہوں کو بیان ریکارڈ کروانے کے لئے طلب کرلیا۔