قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی دفاعی اور سکیورٹی تعاون کے معاہدے کا خیرمقدم

منگل 23 ستمبر 2025 21:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی دفاعی اور سکیورٹی تعاون کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا 14 واں اجلاس منگل کو یہاں حنا ربانی کھر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

کمیٹی نے وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تجارت اور روابط کو مضبوط بنانے کے لیے جاری اقدامات کے ساتھ ساتھ عالمی اور علاقائی سطح پر پاکستان کی حالیہ سفارتی مصروفیات سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔ کمیٹی کو علاقائی رابطوں پر بریفنگ کے دوران ممکنہ تجارتی اور ٹرانزٹ روٹس کے بارے میں آگاہ کیا گیا کہ بعض آپریشنل چیلنجز کو حل کرکے وہ کس طرح پاکستان کو طویل مدتی علاقائی روابط کا مرکز بننے کے اپنے مقصد کو حاصل کرنے کے قابل بناسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

بریفنگ کے دوران چیئر نے مشاہدہ کیا کہ اگرچہ کچھ جغرافیائی سیاسی حقائق کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا لیکن پالیسی اور فیصلہ سازی میں مستقل مزاجی ایک قابل اعتماد تجارتی اور ٹرانزٹ پارٹنر کے طور پر پاکستان کی پوزیشن کو مضبوط کرسکتی ہے۔ کمیٹی نے منصوبوں کو ان کی قابل عملیت کی بنیاد پر ترجیح دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزارت خارجہ کی جانب سے کمیٹی کو بریفنگ میں کہا گیا کہ عالمی غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان نے اپنی سفارتی رسائی میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

حالیہ علاقائی پیش رفت نے پاکستان میں شراکت دار ممالک کے اعتماد کو مضبوط کیا ہے جبکہ علاقائی اور بین الاقوامی معاملات میں اس کے کردار کی تصدیق کی ہے۔ قائمہ کمیٹی نے دیگر امور کے علاوہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی دفاعی اور سکیورٹی تعاون کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ اجلاس میں کمیٹی کے اراکین محمد خان ڈاہا، نزہت صادق، شائستہ پرویز، فرح ناز اکبر، عائشہ نذیر، شازیہ مری، اسفند یار ایم بھنڈارا اور ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے شرکت کی۔