کراچی کے عوام کی خوشحالی اور مزدوروں کے حقوق کا تحفظ ایم کیو ایم پاکستان کا مشن ہے، سید امین الحق

کے فور، گرین لائن اور مردم شماری میں درست آبادی کا اندراج ایم کیو ایم پاکستان کی عملی جدوجہد کا ثمر ہے، سینئررہنما ایم کیوایم پاکستان

منگل 23 ستمبر 2025 22:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے لیبر ڈویژن کے زیراہتمام کے ڈی اے ملازمین کے ریفرنڈم 25 ستمبر کے حوالے سے ایک شاندار و پرعزم اجتماع کا انعقاد کیا گیا، جس میں کے ڈی اے کے محنت کشوں سمیت ایم کیو ایم کے رہنما اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہوئی، اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سینئر مرکزی رہنما و حق پرست رکنِ قومی اسمبلی سید امین الحق نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے ہمیشہ شہرِ کراچی کے مسائل کو اپنی جدوجہد کا محور بنایا، چاہے وہ پانی کی قلت کا خاتمہ کرنے کے لئے کے فور منصوبہ ہو، شہریوں کو سہولت دینے کے لئے گرین لائن بس سروس ہو یا مردم شماری میں کراچی کی اصل آبادی کو تسلیم کروانے کی کوشش، یہ سب ایم کیو ایم پاکستان کی انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہیں، انہوں نے کہا کہ 20 ارب روپے کا ترقیاتی پیکج کراچی کے عوام کے لئے ایم کیو ایم پاکستان کی ایک اور کامیاب جدوجہد ہے اور ہم ہر اس ہاتھ کو توڑ دیں گے جو شہر کے ترقیاتی منصوبوں پر رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرے گا، نگران مرکزی کمیٹی لیبر ڈویژن کے رہنما عبدالحسیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ مزدوروں نے بارہا اپنے اتحاد اور سی بی اے پر اعتماد کے ذریعے یہ ثابت کیا ہے کہ حقیقی نمائندگی طاقت یا دبا سے نہیں بلکہ خدمت اور ایثار سے حاصل ہوتی ہے اور سی بی اے کی مسلسل کامیابیاں مزدوروں کی آواز اور اعتماد کی گواہی ہیں، انچارج لیبر ڈویژن ارشد انصاری نے کہا کہ 25 ستمبر کا دن مزدور دشمن عناصر کے لئے شکست اور کے ڈی اے کے ملازمین کے اتحاد کے لئے فتح کا پیغام لے کر آئے گا، انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کا اتحاد ہی ان کی اصل قوت ہے اور یہ قوت کسی صورت کمزور نہیں کی جا سکتی، اس موقع پر مرکزی رہنما راشد سبزواری نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ معیار کے ذریعے جواب دیا ہے، مزدوروں کا اتحاد ہی ہماری اصل طاقت ہے۔

(جاری ہے)

انچارج کے ڈی اے یونٹ لیبر ڈویژن عمران جعفری نے اپنے اشعار کے ذریعے مزدوروں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ سامنے والے کو ہلکا سمجھنے والے جان لیں کہ ہم ہمیشہ معیار کے ساتھ جواب دیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کے ڈی اے کے مزدور اپنی محنت، دیانت اور اتحاد سے ایک بار پھر اپنی کامیابی کی داستان رقم کریں گے، پروگرام میں ایم کیو ایم لیبر ڈویژن کے رہنماں اور ذمہ داران سمیت بڑی تعداد میں محنت کش شریک ہوئے اور آخر میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ 25 ستمبر کا ریفرنڈم مزدوروں کی جیت اور دشمنوں کی شکست کا دن ہوگا۔