آر سی سی آئی کے زیر اہتمام ڈھاکہ بنگلہ دیش میں بزنس ٹورازم کانفرنس اور نمائش کا انعقاد

بدھ 24 ستمبر 2025 20:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نےڈھاکہ بنگلہ دیش میں بزنس ٹورازم کانفرنس اور نمائش کا باضابطہ افتتاح کردیا ہے۔ٹورازم کانفرنس اور نمائش 27 ستمبر تک جاری رہے گی۔جس میں ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے ادارے اپنی مصنوعات اور خدمات پیش کر رہے ہیں۔

کانفرنس اور نمائش کے موقع پر کاروباری رہنماؤں اور پالیسی سازوں نے شرکت کی۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اور علاقائی تجارت کے فروغ کے نئے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔ افتتاحی خطاب میں صدر آر سی سی آئی عثمان شوکت نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ، کاروباری مواقع میں اضافے اور عوامی روابط کو مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

افتتاحی اجلاس میں صدر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز محمد جاشم الدین نے شرکت کی اور پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان موبائل فنانشل سسٹم میں تعاون کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ بنگلہ دیش آئندہ سال پاکستان میں بنگلہ دیش فیئر کا انعقاد کرے گا تاکہ علاقائی تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر محمد واصف نے خطاب میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ یہ وقت علاقائی تجارت اور روابط کو وسعت دینے کے لیے موزوں ہے۔

تقریب میں آر سی سی آئی کے نائب صدر فہد برلاس، سابق صدر عبدالرؤف چوہدری، سارک چیمبر کے نمائندوں اور ٹیکسٹائل، فارما اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے وفود نے بھی شرکت کی۔