نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان نیویارک میں قونصلر سروسز ایریا کا افتتاح کیا

جمعرات 25 ستمبر 2025 13:44

نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان نیویارک ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں پاکستان کے تاریخی قونصلیٹ جنرل میں قونصلر سروسز ایریا کا افتتاح کیا ، یہ قونصلر سروسز ایریا 1948 میں قائم کیا گیا تھا اور اس کی رینوویشن حال ہی میں مکمل ہو ئی ہے۔ جمعرات کو دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی مشنز کی اولین ذمہ داری بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی عزت، کارکردگی اور بہترین ممکنہ خدمات کے ساتھ خدمت کرنا ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات کا خاص طور پر ذکر کیا جن میں سمندر پار پاکستانیوں کے لیے خصوصی عدالتوں کا قیام، بیرون ملک مشنز سے وڈیو لنک کے ذریعے شواہد کی ریکارڈنگ، مقدمات کی ای فائلنگ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو فائلرز کے طور پر تسلیم کرکے ٹیکسیشن اور بینکنگ میں سہولت کی فراہمی ، یونیورسٹیوں اور میڈیکل کالجوں میں ان کے بچوں کے لیے مخصوص کوٹہ، پنجاب اور بلوچستان میں سہولت دفاتر کا قیام، ہوائی اڈوں پر گرین چینل کی سہولت کی بحالی اور 126 ممالک کے لیے آمد سے پہلے ویزا کیٹیگری کا اجراءشامل ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر اسحاق ڈار نے کمیونٹی کے لیے بلاتعطل خدمات کو یقینی بناتے ہوئے قونصلیٹ کے تاریخی احاطے کی بحالی کا کام مکمل کرنے پر قونصل جنرل اور ان کی ٹیم کو سراہا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے نائب وزیر اعظم کی موجودگی اور رہنمائی پر شکریہ ادا کیا اور کمیونٹی کی سہولت کے لیے قونصلیٹ کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا خاکہ پیش کیا۔

ان میں 24 گھنٹے ایمرجنسی ہیلپ لائن کا آغاز، پنجاب لینڈ ریکارڈ کیاسک کا قیام، ٹیلی فون ایکسچینج اور کال مینجمنٹ سسٹم کی اپ گریڈیشن، قونصلیٹ کی نئی ویب سائٹ کا اجراء، نادرا ڈیسک کے ذریعے متعلقہ سہولیات کی فراہمی، آن لائن پاور آف اٹارنی، آن لائن اپائنٹمنٹ سسٹم، ای کچہری اور سماجی و ثقافتی سرگرمیاں شامل ہیں۔ تجدید شدہ قونصلر سروسز ایریا کا افتتاح بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کو بہترین ممکنہ خدمات کی فراہمی جاری رکھنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔\932