ناروے کے سفیر پیر البرٹ الساس کا آئی پی آر آئی کے زیراہتمام "ڈپلومیٹک ریفلیکشنز" فورم سے خطاب، قوانین پر مبنی عالمی نظام اور پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات پر زور

جمعرات 25 ستمبر 2025 16:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) پاکستان میں ناروے کے سفیر پیر البرٹ الساس نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی، قوانین پر مبنی عالمی نظام اور اقتصادی ترقی ناروے کی پالیسی کے بنیادی نکات ہیں اور اگر اقوام متحدہ کے چارٹر پر مکمل طور پر عمل کیا جائے تو دنیا ایک بہتر جگہ بن سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آئی پی آر آئی) کے زیراہتمام منعقدہ "ڈپلومیٹک ریفلیکشنز" فورم سے خطاب کرتے ہوئے نارویجن سفیر نے کہا کہ ناروے کی پالیسی "ایٹمی ہتھیار نہیں اور فوجی اڈے نہیں" پر مبنی ہے اور ناروے جارحیت کو روکنے اور امن قائم رکھنے پر یقین رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناروے کسی ملک کو دوست یا دشمن کے طور پر دیکھنے کے بجائے بین الاقوامی قوانین اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر کاربند رہتا ہے اور ہر معاملے میں حقیقت کو حقیقت کے طور پر تسلیم کرتا ہے۔سفیر الساس نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد اقوام متحدہ، نیٹو، یورپی کونسل اور قوانین پر مبنی نظام کا قیام ایک نعمت تھا اور اب وقت آ گیا ہے کہ اس سے انحراف کرنے والی قوتوں کو روکا جائے۔