عظمیٰ بخاری فیک ویڈیو کیس،پی ٹی آئی کارکن فلک جاوید کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

عدالت نے آئندہ سماعت پر این سی سی آئی اے سے فلک جاوید سے ہونے والی تفتیش کی رپورٹ طلب کر لی

جمعرات 25 ستمبر 2025 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)ضلع کچہری لاہور نے عظمیٰ بخاری فیک ویڈیو کیس میں پاکستان تحریک انصاف کی سوشل میڈیا کارکن فلک جاوید خان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی ای) کے حوالے کردیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز این سی سی آئی اے نے پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا کارکن فلک جاوید کو وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی فیک ویڈیوز کے معاملے میں گرفتار کیا تھا۔

نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی نے فلک جاوید کو عدالت میں پیش کر دیا، ان کی جانب سے بیرسٹر میاں علی اشفاق عدالت میں پیش ہوئے۔این سی سی آئی اے کی جانب سے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ فلک جاوید کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو کی عدالت میں ہوئی۔

(جاری ہے)

فلک جاوید کے وکیل میاں علی اشفاق نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ این سی سی آئی اے خود ہی شکایت کنندہ ہے، خود ہی انوسٹی گیشن کررہی ہے۔

انہوں نے مؤقف اپنایا کہ عظمی بخاری کے مقدمے میں کئی سوشل میڈیا کے اکاؤنٹس کو مقدمے میں لکھا گیا۔این سی سی آئی اے نے فلک جاوید کا 30 دن کا جسمانی ریمانڈ مانگ لیا، وکیل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ اشتہاری ہیں، ہم نے ملزمہ کی گرفتاری کے لیے 36 ریڈ کیے۔سرکاری وکیل نے کہا کہ ملزمہ کے والد اور والدہ آئے، شامل تفتیش ہو کر چلے گئے اور ملزمہ کو پیش نہ کیا، ملزمہ کی رہائش پر ریڈ کیا تو یہ روپوش ہو گئیں۔

وکیل این سی سی آئی اے نے مزید کہا کہ ملزمہ کا موبائل چاہیے کہ فورنزک کیا جا سکے۔عدالت نے ملزمہ فلک جاوید کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر این سی سی آئی اے کے حوالے کر دیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر این سی سی آئی اے سے فلک جاوید سے ہونے والی تفتیش کی رپورٹ طلب کر لی۔