ریپ کی شکار خاتون کا بااثر افراد سے جنگ پر مبنی ڈرامے نے شائقین کے دل جیت لیے

کیس نمبر 9 سماجی موضوع اور تھرلر پر ڈراما مبنی ہے، اس کی کہانی جرائم اور طاقتور و کمزور کے درمیان جاری قانونی جنگ کے گرد گھومتی ہے

جمعہ 26 ستمبر 2025 10:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)ریپ کی شکار خاتون اور اس کی جانب سے اپنے طاقتور ملزم سمیت بااثر افراد سے جنگ لڑنے کے موضوع پر بنائے گئے ڈرامے کیس نمبر 9 کو نشر کردیا گیا اور اس کی پہلی ہی قسط نے شائقین کے دل جیت لیے۔ڈرامے کی کہانی معروف اینکر شاہ زیب خانزادہ نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات سید وجاہت حسین نے دی ہیں۔

ڈرامے کی کاسٹ میں فیصل قریشی، صبا قمر، گوہر رشید، آمنہ شیخ، نوین وقار، حنا بیات، نور الحسن، شاہنواز زیدی، علی رحمن خان اور دیگر فنکار شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ڈرامے کو جیو ٹی وی پر 24 ستمبر سے نشر کردیا گیا اور ہفتے میں دو بار اسے نشر کیا جائے گا۔ڈرامے کی پہلی قسط نے ہی شائقین کے دل جیت لیے جب کہ سوشل میڈیا پر بھی کیس نمبر 9 کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں، جہاں شائقین نے صبا قمر، فیصل قریشی اور جنید خان کی اداکاری کی تعریفیں کیں۔ڈرامے کی پہلی ہی قسط میں صبا قمر کے ساتھ ریپ کو دکھایا گیا ہے، جس وجہ سے شائقین میں ڈرامے کے حوالے سے مزید تجسس بڑھ چکا ہے۔کیس نمبر 9 سماجی موضوع اور تھرلر پر ڈراما مبنی ہے، اس کی کہانی جرائم اور طاقتور و کمزور کے درمیان جاری قانونی جنگ کے گرد گھومتی ہے۔