سرحدی تنازعات کے حل میں آذربائیجان کے ساتھ تعلقات میں بہتری، نکول پاشنیان

یو این اتوار 28 ستمبر 2025 17:15

سرحدی تنازعات کے حل میں آذربائیجان کے ساتھ تعلقات میں بہتری، نکول پاشنیان

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 28 ستمبر 2025ء) آرمینیا کے وزیراعظم نکول پاشنیان نے کہا ہے کہ ان کے ملک اور آذربائیجان کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے اور دونوں ممالک نے سرحدی تنازعات کو حل کرنے سے متعلق دوطرفہ بین الاقوامی دستاویز پر دستخط کر دیے ہیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر عام مباحثے میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ متوازن خارجہ پالیسی نئے افق کھولتی ہے۔

دونوں ممالک نے سرحدی کمیشن کی مشترکہ سرگرمیوں سے متعلق ضوابط کی توثیق کی ہے۔ اور 1991 کے الماتا اعلامیہ کو سرحدی تعین کے لیے رہنما اصول قرار دیا ہے۔

انہوں نے علاقائی تعاون کے حوالے سے 'ٹرمپ روٹ برائے عالمی امن و خوشحالی' منصوبے کو اجاگر کیا جس کے تحت آرمینیا سے ایک ریلوے لائن، شاہراہ اور گیس و بجلی کی ترسیل کی لائنیں گزریں گی۔

(جاری ہے)

خارجہ تعلقات میں وسعت

انہوں نے حالیہ برسوں میں ترکیہ کے ساتھ مثبت مکالمے کے آغاز پر بات کرتے ہوئے صدر اردوگان کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا ذکر کیا اور بتایا کہ دونوں کے درمیان اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے آرمینیا کے بڑھتے ہوئے خارجہ تعلقات کو بھی واضح کیا جن میں سعودی عرب اور پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کا قیام، چین کے ساتھ سٹریٹیجک شراکت داری اور انڈیا کے ساتھ فعال سیاسی و تجارتی-اقتصادی تعاون شامل ہے۔

اسی طرح، انہوں نے جاپان، منگولیا، مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ بڑھتے ہوئے روابط کی نشاندہی بھی کی۔

انہوں نے یاد دلایا کہ مارچ 2025 میں آرمینیا کی اسمبلی یورپی یونین میں شمولیت کے عمل کے آغاز کے قانون کی منظوری دے چکی ہے۔