Live Updates

44 ویں مڈ کیرئر منیجمنٹ کورس کے وفد کا پولیس ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ،سی پی او نے کارکردگی بارے بریفنگ دی

جمعہ 26 ستمبر 2025 15:15

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) 44ویں مڈ کیرئر منیجمنٹ کورس (ایم سی ایم سی) کے وفد نے پولیس ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹنگ سٹاف رنیم آصف سمیت دیگر ممبران شامل تھے۔ وفد کو سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی اور ایس ایس پی آپریشنز نے پولیس کی مجموعی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایس پی ہیڈکوارٹرز، ایس ڈی پی اوز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

سی پی او نے بتایا کہ جرائم میں ملوث تمام بڑے گینگز کو ختم کردیا جبکہ سنگین جرائم اور گھروں میں ڈکیتیوں پر مکمل کنٹرول حاصل کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف راولپنڈی پولیس کی کارکردگی پنجاب بھر میں نمایاں ہے، گزشتہ تین ماہ کے دوران مؤثر پولیسنگ کی بدولت قتل، ریپ اور منشیات کے مقدمات میں 94 سے زائد مجرمان کو عدالتوں سے سزائیں دلائی گئیں۔

(جاری ہے)

سی پی او نے کہا کہ گاڑیاں چھیننے اور کار چوری کے واقعات پر بھی قابو پایا گیا ہے۔ اسی طرح لا اینڈ آرڈر اور کرکٹ میچوں کے دوران پولیس نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک کی صورتحال میں بہتری کے لیے سٹی ٹریفک پولیس نے زیادہ رش والے مقامات کی نشاندہی کر کے مؤثر اقدامات کیے اور اہم شاہراہوں و مارکیٹوں سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا۔ وفد نے تحفظ سینٹر، خدمت مرکز اور اینیمل ریسکیو سینٹر کا بھی معائنہ کیا اور پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر راولپنڈی پولیس اور وفد کے درمیان اعزازی شیلڈز کا تبادلہ بھی ہوا۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات