فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فل سکیل ایئرپورٹ ایمرجنسی ایکسرسائز

جمعہ 26 ستمبر 2025 16:29

فیصل آباد/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ (ایف آئی اے پی) پر فل سکیل ایمرجنسی ایکسرسائز منعقد کی گئی جس کا مقصد رسپانس پلانز کا جائزہ لینا، اداروں کے درمیان ہم آہنگی بہتر بنانا، طریقہ کار کی خامیوں کی نشاندہی کرنا اور مسافروں و عملے کی حفاظت کو یقینی بنانا تھا۔جمعہ کو ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فرضی منظر نامہ میں طیارہ کے انجن میں رن وے کے اختتام پر پھسلنے کے بعد آگ لگی۔

فائربریگیڈ کی گاڑیاں ایک منٹ میں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پایا۔ میڈیکل ٹیمز نے ریسکیو 1122، ایدھی ایمبولینس اور الائیڈ ہسپتال کی معاونت سے ٹرایاژ ایریا قائم کیا، فوری طبی امداد دی اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔

(جاری ہے)

ایئرلائنز نے اپنے ایمرجنسی رسپانس پلان فعال کیے اور مسافروں کو مناسب دیکھ بھال فراہم کی۔مشق میں اے ایس ایف، پاک فضائیہ، پی آئی اے، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، محکمہ موسمیات، فلائی دبئی، ایئر عربیہ، گیری ڈنیٹا، مینزیز آر اے ایس، بی ایچ ایس، ایس اے پی ایس، الائیڈ ہسپتال، ایدھی ایمبولینس اور پی اے اے کے متعلقہ شعبوں نے حصہ لیا۔

ایئرپورٹ مینجر نے تمام شرکا کی سرگرم شمولیت کو سراہا جبکہ سی او او/اے پی ایم نے حصہ لینے والے اداروں کو شکریہ کے طور پر شیلڈز پیش کیں۔تمام اداروں خصوصاً پی اے اے ریسکیو عملے اور ایدھی ایمبولینس ٹیم کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو قابل تحسین قرار دیا گیا۔ مشق شکریہ کے کلمات پر اختتام پذیر ہوئی اور پی اے اے نے ہردم سیفٹی کے لئے تیار رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔