وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا خیبر کے تحصیل باڑہ کا دورہ، سانحہ تیراہ کے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت

جمعہ 26 ستمبر 2025 22:34

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے خیبر ضلع کی تحصیل باڑہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وہ ملک ظاہر شاہ کے حجرے میں سانحہ تیراہ کے شہداء کے لواحقین سے ملے اور ان سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے شہداء کےلیے دعائے مغفرت کی اور کہا کہ ہم اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی کے واقعات پر صرف اظہار افسوس کافی نہیں بلکہ ہمیں بطور قوم اور ریاست مؤثر عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ امن و استحکام کےلیے قوم اور سکیورٹی ادارے متحد ہو کر دہشت گردی کا مقابلہ کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے. انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی سات دہشت گرد حملوں کا سامنا کر چکے ہیں جن میں خودکش دھماکے بھی شامل تھے۔

انہوں نے کہا میں نے کئی قریبی رشتہ داروں اور ساتھیوں کی میتیں خود اٹھائی ہیں۔ انجینئر امیر مقام نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضم شدہ اضلاع میں امن و ترقی کے فروغ کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کام کر رہی ہے جو جلد اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ مرکزی حکومت میں ان علاقوں کے نمائندے ہیں اور جہاں کہیں بھی مدد کی ضرورت ہو، وہ دستیاب ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ خود بھی متاثرہ خاندانوں سے دوبارہ ملاقات کریں گے اور وزیراعظم سے ملاقات کےلیے بھی ان کی رہنمائی کریں گے۔آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعات کو روکنے کےلیے ہمیں متحد ہو کر ہر سطح پر سنجیدہ اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ آئندہ ایسے سانحات کا مؤثر سدباب کیا جا سکے۔