غوث اعظم کے ارشادات ،تعلیمات رہنمائی کے لیے موجودہیں ،ڈاکٹرحاجی حنیف طیب

جمعہ 26 ستمبر 2025 19:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)نظام مصطفی پارٹی کے چیئرمین سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب نے جامع مسجدفردوس پاکستان کوارٹرمیں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عیسائی مذہب کے پادری کے مسلمان ہونے کا واقعہ بیان کیا انہوںنے کہاکہ ایک مرتبہ جب میں برطانیہ کے دورے پرتھا تو میری ملاقات ڈاکٹر ہارون احمدسے کرائی گفتگومیں معلوم ہواکہ ڈاکٹر ہارون عیسائی مذہب کے پادری تھے ملاقات پر میں نے اُن سے دریافت کیا آپ کس بات سے متاثر ہوکر مسلمان ہوئے ‘‘انہوں نے فرمایا ’’یوں تو مجھے اسلام کی بہت سی باتوں نے متاثر کیا لیکن سردست میں آپ کو ایک بات بتاتاہوں وہ یہ کہ مسلمان اپنے جواجتماعات ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر کرتے ہیں ان محافل میں ،میں نے مشاہدہ کیاہے کہ مسلمان اپنے مہمانوں کی تواضع کرنے میں بہت کشادہ دل اور محبت والے ہیں وہ اپنے مہمانوں کوکھانا کھلانے میں اور ان کی تواضع کرنے میں بہت زیادہ توجہ دیتے ہیں مہمانوں کو باربار اور زیادہ سے زیادہ کھانے پر اصرار کرتے ہیں غرض کھاناکھلانے میں ایسی دل جمعی میں نے اور کہیں نہیں دیکھی اس حسن سلوک نے مجھے بہت متاثر کیا اورمیں مشرف بااسلام ہوا۔

(جاری ہے)

حاجی حنیف طیب اجتماع کو غوث اعظم شیخ عبدالقادرجیلانی رحمة اللہ علیہ مزارپرحاضری کا واقعہ بیان کیاانہوںنے بتایاکہ مجھے چار مرتبہ سیدناغوث اعظم کے مزار پر حاضری کا شرف حاصل ہواایک مرتبہ جب میں بغداد شریف حاضر ہوامیرے ساتھ علامہ سیدشاہ تراب الحق قادری رحمة اللہ تعالیٰ علیہ ، حافظ محمدتقی شہید ، میرے بہنوئی غلام حسین دیوان مرحوم،مولانا غلام حیدر سعیدی مرحوم،الحاج محمدرفیع مرحوم اور الحاج محمد صدیق اسماعیل بھی ہمراہ تھے وہاں کے نقیب الاشراف نے پوچھا آپ نے درگاہ شریف حاضری دے دی ہے ہم نے کہاجی ہاں انہوں نے فرمایااتنی حاضری کافی نہیں آپ رات 10بجے کے بعد دربار غوث الاعظم رحمة اللہ تعالیٰ علیہ پر حاضری کیلئے آئیں ان کے ارشاد کے مطابق رات جب ہم وہاں پہنچے تو مزار شریف کے سارے دروازے بند ہوچکے تھے انہوںنے سید نا غوث الاعظم ؓکے مزار شریف کے جالی کا دروازہ کھولا اور ہمارے وفد کو اندر بھیج دیا اور فرمایا کہ آپ جتنی دیر چاہیں یہاں رک سکتے ہیںاور بیٹھ کراورادووظائف پڑھ سکتے ہیں۔

حاجی حنیف طیب نے کہاکہ غوث اعظم کے ارشادات اوران کی تعلیمات میںہماری رہنمائی کے لیے بہت سی باتیں موجودہیں ۔آج ہمارے معاشرے میں ہرطرف نفسانفسی ہے ،تعصب ،ہٹ دھرمی کادوردورہ ہربچوں کو بچپن ہی سے غوث اعظم کی تعلیمات پڑھائی جاتی تو معاشرہ سکون ،محبت وامن کاگہوارہ بن جاتاہے ۔موجودہ دور کے حکمران اگر سیرت سیدنا غوث الاعظم سے سبق حاصل کریں تومعاشرے میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے ۔اجتماع سے قاری حمیدالحسن حسنی نے’’ قصہ اصحاب کیف بیان کیا ۔حافظ محمدوسیم قادری نے سلام پڑھا ۔