نبی کریمؐ کی عزت و ناموس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا،جما عت اہلسنّت

جمعہ 26 ستمبر 2025 19:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)جما عت اھلسنّت پاکستان کراچی کے تحت بھارت میں انتہا پسندوں کی جانب سے بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کے رجحان،آئی لو محمد ﷺکہنے ،لکھنے پر گرفتاریاں اور ہراساں کرنے کے خلاف جمعہ کو یوم محبت رسول منایا گیا ۔ جمعہ کے خطبات میں علماء کرام ،ائمہ خطباء نے پیارے نبی کریم ﷺ سے محبت کے عنوان پر خطابات کئے ۔

شہر کے مختلف مقامات پر جما عت اھلسنّت کراچی کے چیف آرگنائزر علامہ سید عبد القادر شاہ شیرازی،ڈاکٹر سید عبد الوہاب قادری،علامہ رئیس قادری،مفتی بلال قادری،علامہ کامران قادری ،علامہ شوکت حسین سیالوی،علامہ محمد میاں نوری،مولانا جمیل احمد امینی،مولانا الطاف قادری،مفتی شوکت علی ،علامہ سجاد حسین شاہ،علامہ فیصل رشید ،علامہ تنزیل رضا ترابی،علامہ فرقان شامی،مولانا عاشق سعیدی،مولانا فخر الحسن شاہ،علامہ احمر حشمتی و دیگر علماء کرام نے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا اور نفرت انگیز رویے پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ریاستوں میں ہندو انتہا پسند تنظیموں کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے، اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

مساجد، مدارس، اور مسلم شناخت کے خلاف مسلسل حملے اور اشتعال انگیز بیانات کے بعد صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ مسلم افراد کو ربیع الاول میلاد النبی کے موقع پر i love Muhammad بورڈ لگانے پر گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ علماء نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ مسلمان اپنے نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور ان کی حرمت و عظمت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

جماعت اہل سنت پاکستان نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے امتیازی سلوک، نفرت پر مبنی حملوں اور مذہبی آزادی پر پابندیوں کا نوٹس لیں۔دریں اثنا ء۔۔جما عت اھلسنّت کراچی کے نائب امیر علامہ ڈاکٹر سید عبد الوہاب قادری کی والدہ کے انتقال پر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری ،مولانا ابرار احمد رحمانی،حاجی حنیف طیب،سید رفیق شاہ،علامہ سید عبد القادر شاہ شیرازی و جما عت کے جملہ عہدیداران نے مرحومہ کی بخشش و مغفرت بلندی درجات ،جنت الفردوس میں اعلی مقام اور لواحقین کیلئے صبر کی دعا کی۔