کراچی‘ ڈی جی رینجرز سندھ کا جامعة الرشید احسن آباد کا دورہ

ہفتہ 27 ستمبر 2025 12:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2025ء)ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد شمریز نے جامعة الرشید احسن آباد کراچی کا دورہ کیا۔دارالعلوم کے سربراہ مفتی عبدالرحیم اور انتظامیہ نے ڈی جی رینجرز سندھ کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں جامعة الرشید کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا۔طلباء سے خطاب کے دوران ڈی جی رینجرز(سندھ) میجر جنرل محمد شمریز نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی نظریاتی مملکت ہے جس کے لیے ہمارے اباؤ اجداد نے قربانیاں دیں۔

(جاری ہے)

قومی سلامتی کا تقاضہ ہے کہ ادارے اور افراد اجتماعی سوچ کے ساتھ ملک کو مضبوط بنائیں۔ڈی جی رینجرز سندھ نے کہا کہ جامعة الرشید دینی و دنیاوی تعلیم یکجا کرکے اہم قومی خدمات انجام دے رہا ہے۔ ایسے ادارے قومی ضرورت اور دوسروں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ڈی جی رینجرز سندھ نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی پوری قوم کی فتح ہے۔ سندھ رینجرز سرحدوں کے دفاع اور امن قائم رکھنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔مفتی عبدالرحیم، جامعہ کی انتظامیہ اور طلباء نے افواج پاکستان کو معرکہ حق میں کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا۔ مفتی عبدالرحیم نے کراچی میں امن و امان کے قیام میں سندھ رینجرز کے کردار کو سراہا۔