پورٹ قاسم کی عالمی پذیرائی قومی اعزاز ہے، وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری

ہفتہ 27 ستمبر 2025 14:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے ورلڈ بینک کی جانب سے پورٹ قاسم کو دنیا کے تیزی سے ترقی کرنے والے بندرگاہوں میں شامل کرنے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی حکومت کی مسلسل اصلاحات اور جدیدیت کے عمل کا ثمر ہے۔ورلڈ بینک نے ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلیجنس کے اشتراک سے جاری کردہ تازہ ترین کنٹینر پورٹ پرفارمنس انڈیکس (CPPI) 2024 میں پورٹ قاسم کو دنیا کی ٹاپ 20 ترقی پذیر بندرگاہوں میں شامل کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2020 سے 2024 کے درمیان پورٹ قاسم کی کارکردگی میں 35.2 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔جنید انوار چوہدری نے ہفتہ کے روز اپنے بیان میں کہا کہ محمد بن قاسم پورٹ کا دنیا کی بہترین ترقی کرنے والی بندرگاہوں میں شامل ہونا قومی فخر کا باعث ہے۔

(جاری ہے)

یہ ہماری مسلسل جدوجہد، جدید تقاضوں کے مطابق اصلاحات اور عالمی معیار کی بہترین پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ پاکستان کے بحری شعبے کو نہ صرف ملکی بلکہ علاقائی تجارت کے لیے بھی ایک مؤثر اور مسابقتی مرکز بنایا جائے۔ وفاقی وزیر نے جاری پالیسی اقدامات، ریگولیٹری اصلاحات اور جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کو اس کامیابی کا بنیادی عنصر قرار دیا۔وفاقی وزیر نے خاص طور پر نجی آپریٹرز کے کردار کو سراہا، بالخصوص ڈی پی ورلڈ کے قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل (QICT) کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتظامیہ نے پورٹ قاسم کے آپریشنز کو عالمی معیار کے مطابق یقینی بنایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت بحری امور نے پورٹ چینل کی ڈریجنگ کے ایک دیرینہ منصوبے کی منظوری دے دی ہے جس سے بڑے جہازوں کی آمد و رفت ممکن ہوگی اور تجارتی گنجائش میں اضافہ ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ عالمی اعتراف اس وقت آیا ہے جب پاکستان خود کو مشرق وسطیٰ، وسطی ایشیا، چین اور دیگر خطوں کو جوڑنے والے اسٹریٹجک لاجسٹکس کوریڈور کے طور پر متعارف کرا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ اور گوادر پورٹ کی جدید کاری کے ساتھ، پورٹ قاسم کی ترقی پاکستان کو ایک علاقائی شپنگ حب کے طور پر مستحکم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بندرگاہوں کی بہتر کارکردگی نہ صرف غیر ملکی سرمایہ کاری کو متوجہ کرے گی بلکہ برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان کو زیادہ قابل اعتماد اور کم لاگت شپنگ آپشنز فراہم کرے گی۔جنید انوار چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ ہدف بندرگاہوں کو اندرونِ ملک ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس سے مربوط کرنا، ڈیجیٹل نظام کو مزید وسعت دینا اور ماحولیاتی پائیداری کو یقینی بنانا ہوگا۔

وفاقی وزیر نے آخر میں کہا کہ یہ کامیابی ایک آغاز ہے، ہمارا مقصد پاکستان کی سمندری گذرگاہوں کو معاشی ترقی، علاقائی انضمام اور خوشحالی کے محرکات میں تبدیل کرنا ہے۔ چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی ریئر ایڈمرل (ر) معظم الیاس نے بھی اس کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بینک کی یہ پذیرائی پورٹ کے تمام عملے کی محنت اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ ہم جدیدیت، ڈیجیٹلائزیشن اور انفراسٹرکچر کی ترقی میں سرمایہ کاری جاری رکھیں گے تاکہ عالمی سطح پر مزید بہتر مقام حاصل کر سکیں۔