ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان کے تحت پنجاب کا کردار فیصلہ کن رہا ہے، مشتاق سکھیرا

ہفتہ 27 ستمبر 2025 17:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) محکمہ داخلہ پنجاب میں انسدادِ منی لانڈرنگ (اے ایم ایل) اور کائونٹر ٹیرر فنانسنگ (سی ایف ٹی) کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین اے ایم ایل/ سی ایف ٹی و سابق آئی جی پولیس مشتاق سکھیرا نے کی۔ اجلاس میں ڈی جی اینٹی منی لانڈرنگ و کائونٹر ٹیرر فنانسنگ احسان صادق کے ساتھ محکمہ داخلہ، اوقاف، کوآپریٹو، بورڈ آف ریونیو، سکول ایجوکیشن، ہیلتھ اینڈ پاپولیشن، پولیس، چائلڈ پروٹیکشن بیورو، سوشل ویلفیئر وپراسیکیوشن کے سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور اپنے محکموں کی جانب سے لیے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی۔

محکمہ داخلہ پنجاب میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں پنجاب کی ایف اے ٹی ایف پلان پر کارکردگی اور اس سے متعلقہ ادارہ جاتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین مشتاق سکھیرا نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے پنجاب نے نہایت موثر اور فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں عالمی معیار کے مطابق قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جا رہا اور قانونی و ادارہ جاتی فریم ورک میں بہتری سے نمایاں استحکام حاصل ہوا ہے۔

اجلاس کے دوران محکمہ اوقاف، ٹرسٹ اور کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹس کی مانیٹرنگ کے نظام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کابینہ نے وقف، ٹرسٹ اور کوآپریٹو سوسائٹیز مینجمنٹ ایکٹ 2025 کی منظوری دے دی ہے جو دیگر صوبوں کے لیے بھی ایک مثالی ماڈل ثابت ہوگا۔ اجلاس میں مالیاتی جرائم کے خاتمے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہا اور بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان کو ٹریفکنگ آف پرسنز کی "ٹیئر ٹو واچ لسٹ" سے نکالنے میں پنجاب کے اقدامات فیصلہ کن ثابت ہوئے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب نے اپنے تمام اہداف کامیابی سے حاصل کر لیے ہیں،اس حوالے سے ایک جامع رپورٹ وفاقی حکومت کو ارسال کی جائے گی۔اجلاس کے دوران انسانی اسمگلنگ کی روک تھام میں محکمہ لیبر، پولیس، سوشل ویلفیئر اور چائلڈ پروٹیکشن اداروں کی کارکردگی کو بھی سراہا اور پنجاب چیریٹیز کمیشن کی کارکردگی پر اظہارِ اطمینان کیا گیا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب چیریٹیز کمیشن کرنل (ر) شہزاد عامر نے بتایا کہ کمیشن نے اب تک پنجاب میں 8 ہزار سے زائد این جی اوز کو رجسٹر کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ این جی اوز کی مانیٹرنگ، ڈیجیٹلائزیشن اور آئوٹ ریچ سسٹم کو مزید موثر بنایا گیا ہے۔ اجلاس میں پنجاب چیریٹیز کمیشن کو چاروں صوبوں کے کمیشنز میں سب سے موثر ادارہ قرار دیا گیا۔چیئرمین مشتاق سکھیرا نے این جی اوز کے ٹیکس اور بینک اکائونٹس سے متعلق مسائل حل کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان کے تحت پنجاب کا کردار فیصلہ کن رہا ہے، صوبے نے موثر مانیٹرنگ رجیم نافذ کر کے دیگر صوبوں کے لیے ایک بہترین مثال قائم کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اصلاحی اقدامات کا تسلسل ہی حقیقی کامیابی کی ضمانت ہے۔ چیئرمین مشتاق سکھیرا اور ڈی جی احسان صادق نے سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات بھی کی۔ دوران ملاقات صوبے میں انسدادِ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام کیلئے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔