سرمایہ کاری بورڈ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے فعال طور پر کام کر رہا ہے ، قیصر احمد شیخ

ہفتہ 27 ستمبر 2025 17:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2025ء)وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے فیصلہ سازی میں نجی شعبے کی نمائندگی کو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کو سرمایہ کاری بورڈ میں شامل کیا جائے گا، سرمایہ کاری بورڈ اقتصادی ترقی کو تیز کرنے کیلئے ملکی اور غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیمبر کے نو منتخب صدر سردار طاہر محمود کو مبارکباد دینے کے لیے آئی سی سی آئی کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر چیئرمین آئی سی سی آئی فانڈر گروپ طارق صادق، سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ اور سابق صدر آئی سی سی آئی ظفر بختاوری، سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر محمد عرفان چوہدری، ایگزیکٹو ممبران اور تاجر برادری کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

قیصر احمد شیخ نے کہا کہ وہ خود ایک تاجر ہونے کے ناطے نجی شعبے کے تحفظات اور سرمایہ کاری میں درپیش رکاوٹوں کو بہتر طریقے سے سمجھتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ کاروبار اور صنعت کی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے رکاوٹوں کو دور کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری بورڈ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے فعال طور پر کام کر رہا ہے ، خصوصی اقتصادی زونز میں کام کرنے والی صنعتیں درآمدی مشینری پر صفر ڈیوٹی اور 10سالہ انکم ٹیکس میں چھوٹ جیسی سہولیات سے لطف اندوز ہوتی ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ تاجر برادری کو ان مراعات سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ریگولیشن اور ون ونڈو آپریشنز بارے کوششیں جاری ہیں جبکہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے بینکوں کے ساتھ میٹنگز جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر، سی ڈی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو پالیسی سازی کے عمل میں چیمبرز اور ٹریڈ باڈیز کو آن بورڈ لیا جائے۔

وفاقی وزیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ چیمبر سرمایہ کاری کو معاشی ترقی کی بنیاد سمجھتا ہے جو ملکی سرمایہ کاری کو مضبوط کیے بغیر حاصل نہیں کی جا سکتی ۔ انہوں نے اسلام آباد کی کاروباری برادری کو درپیش چیلنجز، خاص طور پر سی ڈی اے کی جانب سے عائد کردہ پراپرٹی ٹرانسفر فیس اور ایف اے آر چارجز پر روشنی ڈالی اور فوری ازالے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پالیسی سازوں کو ایف پی سی سی آئی اور چیمبرز کی قیادت کے ساتھ بیٹھ کر ملک کی خوشحالی کے لیے قابل عمل اور پائیدار معاشی پالیسیاں مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔آئی سی سی آئی کے فانڈر گروپ کے چیئرمین طارق صادق نے اسلام آباد میں صنعتی ترقی کو فروغ دینے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک صنعتی زون کے دیرینہ مطالبے کا اعادہ کیا۔

اس تجویز کی توثیق کرتے ہوئے یو بی جی کے سیکرٹری جنرل اور آئی سی سی آئی کے سابق صدر ظفر بختاوری نے کہا کہ اگر زمین مختص کی جائے تو تاجر برادری جدید معیار کے مطابق ڈویلپمنٹ کے لیے تیار ہے۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر محمد عرفان چوہدری اور سابق صدر میاں شوکت مسعود نے بھی تجارت اور صنعت کی سہولت کے لیے کاروبار میں آسانی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر دیگر اہم شخصیات میں ایگزیکٹو ممبران ذوالقرنین عباسی، محسن خالد ملک، عمران منہاس، اسحاق سیال، راجہ نوید ستی بھی موجود تھے۔