Live Updates

پیپلزپارٹی کا سیلاب زدگان کے لیے فوری ریلیف پر زور، صدر زرداری کے چینی دورے کو خوش آئند قرار دے دیا

ہفتہ 27 ستمبر 2025 21:06

پیپلزپارٹی کا سیلاب زدگان کے لیے فوری ریلیف پر زور، صدر زرداری کے چینی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 ستمبر2025ء) پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل ہمایوں خان اور سینیٹر پلوشہ خان نے کہا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کا چین کا کامیاب دورہ ملک اور عوام کی بہتری کے لیے مثبت ثابت ہوگا۔ انہوں نے سیلاب زدگان کی مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرین کو فوری اور مؤثر ریلیف فراہم کیا جائے۔

مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہمایوں خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سیلاب زدگان کے لیے حکومت کے سامنے متعدد مطالبات رکھے ہیں جنہیں جلد پورا کیا جانا چاہیے تاکہ عوام کی پریشانیاں کم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے خود پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور حکومت کو فوری اقدامات کرنے کی تاکید کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے پیپلز پارٹی کے مطالبات کو سنا اور ان پر عملدرآمد بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے متاثرین کو جلد ریلیف پہنچانے کے لیے تمام ضروری ڈیٹا موجود ہے اور اس پروگرام کو بھرپور طریقے سے استعمال کیا جانا چاہیے۔ کسی کو بھی انا کی بنا پر ریلیف کے عمل میں رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہیے۔

حکومت سے کہا ہے کہ گندم کی درآمد کی بجائے کسانوں کو سہولیات دی جائیں تاکہ کسان خوشحال ہوں اور ملکی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے چین کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کرتے ہوے کہا پاکستان اور چین کے درمیان چھ اہم مفاہمتی یادداشتیں (ایم او یوز) سائن ہوئیں جو ملک میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کریں گی۔ اس موقع پر پلوشہ خان نے کہا پنجاب حکومت کی جانب سے اپنے اتحادی کے لئے جو زبان ا ستعمال ل کی اس کی مذمت کرتے ہیں ۔ آفت زدہ مو قعوں پر سیاست نہیں کرنی چاہئے۔ میں امداد کے لئے ہاتھ نہیں پھیلاو گی تو وفاقی حکومت کیوں آئی ایم ایف سے قرضہ لے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا پنجاب حکومت کی ایسی زبان عمرانی زبان ہے۔ دنیا میں جہاں آفت آتی ہے وہاں مدد کی اپیل کی جاتی ی ہے ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات