کراچی پریس کلب اور آغا خان اسپتال کا عالمی یومِ قلب پر ہیلتھ کیمپ

صحافیوں اور اہلِ خانہ کے مفت دل کے ٹیسٹ اور طبی مشوروں سہولیات فراہم کی گئیں

ہفتہ 27 ستمبر 2025 22:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2025ء)کراچی پریس کلب کی ہیلتھ کمیٹی اور آغا خان اسپتال کے اشتراک سے عالمی یومِ قلب کے موقع پر کراچی پریس کلب میں ہیلتھ کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں اراکینِ پریس کلب اور ان کے اہلِ خانہ کے مختلف ٹیسٹ، ای سی جی اور ایکوکارڈیوگرام کیے گئے۔اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری سہیل افضل خان، آغا خان اسپتال کے شعبہ کارڈیالوجی کے سربراہ ڈاکٹر عثمان فہیم، گورننگ باڈی کی رکن مونا صدیقی، قاضی یاسر، کفیل احمد، ہیلتھ کمیٹی کے سیکریٹری حامد الرحمن، سینئر صحافی طفیل احمد کے ساتھ ساتھ آغا خان اسپتال کے ماہر ڈاکٹرز اور ٹیکنیشنز بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر عثمان فہیم نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان میں دل کے ٹرانسپلانٹ کی صلاحیت اور ماہرین تو موجود ہیں، لیکن اس حوالے سے بعد از مرگ اعضا عطیہ کرنے کے رجحان کو فروغ دینے اور اس کے لیے مثر قانون سازی کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر دل کی بیماریوں کی روک تھام کے لیے بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو نوجوانوں میں ہارٹ ڈیزیز اور کم عمری کی اموات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوسکتا ہے، جو کسی قومی سانحے سے کم نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ قومی اور صوبائی سطح پر نوجوانوں کی صحت کے تحفظ کے لیے فوری اور جامع پالیسی مرتب کرنا ناگزیر ہے۔ صحافیوں کی مصروف روٹین کے باعث وہ نہ تو باقاعدہ ورزش کر پاتے ہیں اور نہ ہی اپنی صحت پر بھرپور توجہ دے سکتے ہیں، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ صحافیوں کی صحت کے لیے سپورٹ سسٹم فراہم کرے، کیونکہ ان کی صحت مضبوط معاشرتی ڈھانچے اور مستحکم نظام کی ضامن ہے۔

ڈاکٹر عثمان فہیم نے مزید کہا کہ غیر صحت مند طرزِ زندگی کے باعث نوجوانوں میں موٹاپا، بلڈ پریشر، ہائی کولیسٹرول، دل کے امراض اور فالج کے واقعات تیزی سے بڑھ رہے ہیں، جو آئندہ برسوں میں بڑے چیلنج کی صورت اختیار کر سکتے ہیں۔کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے آغا خان اسپتال کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پریس کلب ہمیشہ اپنے اراکین اور ان کے اہلِ خانہ کی صحت کے حوالے سے فکر مند رہتا ہے۔

اس طرح کی سرگرمیوں کا مقصد یہ ہے کہ صحافیوں کو ایک ہی مقام پر معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔سیکریٹری کراچی پریس کلب سہیل افضل نے کہا کہ کراچی پریس کلب جہاں اپنے اراکین کے لیے تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کرتا ہے وہیں صحت کو بھی اولین ترجیح دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نہ صرف باقاعدگی سے میڈیکل کیمپس منعقد کیے جاتے ہیں بلکہ اراکین کو درپیش صحت کے مسائل کے حل کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ مختلف معتبر طبی اداروں کے ساتھ معاہدے کیے جائیں تاکہ اراکینِ پریس کلب اور ان کے اہلِ خانہ کو صحت کی بہتر اور بروقت سہولیات میسر آ سکیں۔