اقوامِ متحدہ کا اسرائیل اور حوثیوں کے درمیان فوجی کشیدگی پراظہار تشویش ، فریقین سے تحمل برتنے کی اپیل

اتوار 28 ستمبر 2025 10:40

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) اقوامِ متحدہ نے اسرائیل اور حوثیوں کے درمیان فوجی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے تحمل برتنے کی اپیل کی ہے ۔ شنہوا کے مطابق اقوامِ متحدہ کے سیکرٹر ی جنرل انتونیو گوتریش نے اسرائیل اور یمن کے حوثی گروپ کے درمیان جاری فوجی کشیدگی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خطے میں مزید بگاڑ کا باعث قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

اقوامِ متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہاکہ اقوام متحدہ کے سربراہ اس صورتِ حال پر گہری تشویش محسوس کر رہے ہیں اور تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل سے کام لیں تاکہ خطے میں صورتحال مزید خراب نہ ہو۔بیان میں سیکرٹر ی جنرل نے تمام فریقوں کو یاد دلایا کہ وہ بین الاقوامی قوانین کے تحت عام شہریوں کے تحفظ کے پابند ہیں، اور ان پر لازم ہے کہ ہر حال میں انسانی حقوق کا احترام کریں۔اقوامِ متحدہ نے فریقین سے فوری جنگ بندی، کشیدگی میں کمی، اور سیاسی حل کی جانب واپسی کی اپیل کی ہے۔