بی جے پی مقبوضہ کشمیر میں برسرا قتدار نہیں آنے دی جائے گی، عمر عبداللہ کا اعلان

اتوار 28 ستمبر 2025 12:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبداللہ نے واضح کیا ہے کہ ان کی جماعت کبھی بھی بھارتی جنتا پارٹی کو خطے میں اقتدار میں آنے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے بی جے پی کی ریاستی وعدوں سے انحراف اور لداخ میں بدامنی کے پس منظر پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ بی جے پی نے ریاست کی بحالی روک دی ہے اور نئی دہلی نے جموں، کشمیر اور لداخ کے عوام سے کیے گئے وعدوں سے انحراف کیا ہے۔ انہوں نے لداخی کارکن سونم وانگچک کی گرفتاری کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے مودی حکومت پر جان بوجھ کر انہیں نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نئی دہلی نے ہل کونسل کے انتخابات سے قبل لداخ کے عوام کو تحفظات دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن بعد میں مکر گئی، بالکل اسی طرح جیسے جموں و کشمیر کے عوام سے کیے گئے وعدے توڑے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاستی درجہ کے معاملے پر بی جے پی کا رویہ مشکوک ہے اور اس کے رہنماؤں کو وضاحت دینا ہوگی کہ دونوں خطوں سے کیے گئے وعدے کیوں پورے نہیں کیے گئے۔عمر عبداللہ نے اپوزیشن رہنما سنیل شرما کے اس الزام کو بھی مسترد کر دیا کہ وہ لداخ میں تشدد کو جواز فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو وضاحت دینا ہوگی کہ اس کے ٹوٹے ہوئے وعدوں کے باعث خطے میں بدامنی کیوں پھیلی۔