روس کی جانب سے یوکرین پر سینکڑوں ڈرونز اور میزائل حملے، 10افراد زخمی

اتوار 28 ستمبر 2025 12:10

کیف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) یوکرین نے کہا ہے کہ روس نے رات بھر سینکڑوں ڈرونز اور میزائلوں سے اس ملک پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد زخمی ہو گئے، جبکہ پڑوسی ملک پولینڈ نے اپنی فضائی حدود کی حفاظت کے لیے جنگی طیارے روانہ کر دیئے ۔ اے ایف پی کے مطابق یوکرین کے وزیر خارجہ انڈری سائبیگا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ روس نے ایک بار پھر نیند میں سوئے ہوئے شہریوں پر وسیع پیمانے پر فضائی حملہ کیا۔

سینکڑوں ڈرونز اور میزائلز نے رہائشی عمارتوں کو تباہ کیا اور شہریوں کو نشانہ بنایا۔انہوں نے حملے کے دوران ایک ملٹی اسٹوری عمارت میں لگنے والی آگ کا ویڈیو بھی شیئر کیا۔کیف کے میئر ویٹالی کلچکو نے ٹیلیگرام پر اعلان کیا کہ یوکرین کی راجدھانی پر ایک "بڑا" حملہ ہو رہا ہے اور لوگوں سے کہا کہ وہ پناہ گاہوں میں رہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کم از کم چھ افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے پانچ کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

جنوب مشرقی زاپوریژیا علاقے کے گورنر نے بتایا کہ روسی حملوں میں کم از کم چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔یوکرین کے صدر کے دفتر کے سربراہ انڈری یرماک نے روس پر الزام لگایا کہ وہ شہریوں کے خلاف جنگ چھیڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں کا جواب دیا جائے گا، لیکن مغرب کو بھی روس کے خلاف اپنی اقتصادی پابندیاں مزید سخت کرنی ہوں گی۔واضح رہے یہ حملے اس وقت کیے گئے جب روس نے نیٹو کو خبردار کیا تھا کہ اگر اس کے فضائی حدود کی خلاف ورزیوں کے جواب میں نیٹو نے سخت کارروائی کی تو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے حال ہی میں انکشاف کیا تھا کہ کیف نے اسرائیل سے امریکی ساختہ پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم حاصل کیا ہے تاکہ روسی حملوں سے بچاؤ کیا جا سکے۔