لداخ میں کرفیو اور پابندیاں پانچویں روز بھی جاری رہیں

مظاہرین کا لداخ کو مکمل ریاستی درجہ دینے اور اسے چھٹے شیڈول کے تحت شامل کرنے کا مطالبہ

اتوار 28 ستمبر 2025 12:50

لیہہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2025ء)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے خطے لداخ کے اضلاع لیہہ اور کرگل میں کرفیو اور پابندیاں پانچویں روز بھی جاری ہیں جبکہ انٹرنیٹ سروسز بدستور معطل رہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نئی دہلی کے زیرِ کنٹرول انتظامیہ نے گزشتہ ہفتے اس وقت کرفیو نافذ کیا تھا جب بھارتی فورسز کی فائرنگ سے لداخ میں چار مظاہرین جاں بحق اور قریباً سو افراد زخمی ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

مظاہرین لداخ کو مکمل ریاستی درجہ دینے اور اسے چھٹے شیڈول کے تحت شامل کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔لیہہ اور ملحقہ کرگل میں بھارتی فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور پانچ یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے پر مکمل پابندی عائد ہے۔دریں اثنا لداخ کے ممتاز ماہر ماحولیات اور تحریک کے سرکردہ رہنما سونم وانگچک کو بھارتی پولیس نے لیہہ میں ان کے گھر پر چھاپے کے دوران گرفتار کر لیا۔ انہیں کالے قانون قومی سلامتی ایکٹ (این ایس ای) کے تحت بھارتی ریاست راجستھان کی جودھ پور جیل منتقل کر دیا گیا ہے، جس پر شدید مذمت کی جا رہی ہے۔