علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ کیمیا کے پروفیسر ڈاکٹر اقبال احمد دنیا کے 2 فیصد بہترین سائنسدانوں کی فہرست میں شامل

اتوار 28 ستمبر 2025 13:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ کیمیا کے پروفیسر ڈاکٹر اقبال احمد کو عالمی سطح پر بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ معروف امریکی ادارے اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی 2025 کی رپورٹ کے مطابق انہیں دنیا کے 2 فیصد بہترین سائنسدانوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے جاری بیان کے مطابق یہ فہرست اُن سائنسدانوں پر مشتمل ہوتی ہے جن کی تحقیق کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔

ڈاکٹر اقبال احمد کی تحقیق توانائی کے جدید اور پائیدار ذرائع سے متعلق ہے، جو دنیا میں توانائی کے مسائل کا حل تلاش کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ڈاکٹر اقبال احمد نے اس اعزاز کو پاکستان اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے لیے فخر قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کی یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی محقق بھی عالمی سطح پر بہترین کام کر رہے ہیں۔وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر محمود نے ڈاکٹر اقبال کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ یونیورسٹی کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے اور یہ کامیابی اُن کی محنت اور تحقیق کا نتیجہ ہے۔اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن اور دیگر ساتھیوں نے بھی ڈاکٹر اقبال احمد کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ کامیابی پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔