حالیہ مون سون بارشوں کے بعد شہر کی 106 اہم شاہراہوں کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے جسے آئندہ دو ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا، میئر کراچی

کراچی کے عوام کو جواب دہ ہوں اور شفافیت کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا اس سال 28 ارب روپے خرچ کرنے جا رہے ہیں، اس کا فائدہ کراچی کو ہوگا،بیرسٹرمرتضیٰ وہاب اسلام آباد سے بیٹھ کر کام نہ کریں، ہم کوئی کالونی نہیں ہیں کہ کام اسلام آباد کی کمپنی کے ذریعے ہو، کراچی کے لوگ ہمیں پکڑ سکتے ہیں لیکن اسلام آباد کے لوگوں کو نہیں،وزیر اعظم دل بڑا کریں کراچی آئیں، چند گھنٹوں کے لیے نہیں چند دن کے لیے ، فراخ دلی کا مظاہرہ کریں اور کراچی کو بجٹ دیں،میڈیا سے گفتگو

اتوار 28 ستمبر 2025 14:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2025ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ حالیہ مون سون بارشوں کے بعد شہر کی 106 اہم شاہراہوں کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے جسے آئندہ دو ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا، کراچی کے عوام کو جواب دہ ہوں اور شفافیت کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔میئرکراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے گزشتہ رات شہر کے مختلف علاقوں ضلع جنوبی، ضلع کورنگی،ملیر،شاہراہ فیصل سمیت دیگرعلاقوں کا دورہ کیا۔

میڈیاسے گفتگومیں مرتضی وہاب نے کہا کہ تمام اضلاع میں سڑکوں کی مرمت کے کام تیزی سے جاری ہیں اور میں خود رات گئے مختلف مقامات کا دورہ کر رہا ہوں تاکہ کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیا جا سکے۔مرتضی وہاب نے شہریوں سے اپیل کی کہ جہاں کہیں بھی کوتاہی یا ناقص کام نظر آئے وہ فوری طور پر متعلقہ حکام یا ان سے براہِ راست رابطہ کریں۔

(جاری ہے)

شہر میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں پر بات کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ شہری سہولیات کی بہتری ان کی اولین ترجیح ہے اور بلدیاتی نظام کو فعال اور موثر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماڈل کالونی کی سڑک کے ایم سی تعمیر کررہی ہے۔ پریڈی اسٹریٹ کا کام آج مکمل ہوگا، شارع فیصل کے کچھ حصوں پر بھی کام ہوگا۔مضافات کی اندرونی سڑکوں پر بھی ترقیاتی کام جاری ہے۔دو ماہ میں شہر کی تمام سڑکوں کی بحالی کا کام مکمل کریں گے۔مرتضی وہاب نے کہا ماڈل کالونی ٹائون کو چند ارب روپے ملے ہیں لیکن یہ لگ جائیں تو بہتری آئے گی، سیوریج پر اگلے ہفتے تک کام شروع ہو جائے گا،انہوں نے کہاکہ ملیر کالا بورڈ کی سڑک بھی کے ایم سی نے بنوا کر دی تھی، کھوکھرا پار تک سڑک ہم نے تعمیر کروائی، اندرونی گلیوں کا کام بھی کے ایم سی کروا رہی ہے۔

میئر کراچی نے مزید کہا کہ گیس کی لائنوں کے لیے ٹائونز نے روڈ کٹنگ کی اجازت دی جس سے سڑکیں خراب ہو گئیں، روڈ کٹنگ کے پیسے لے لیے لیکن سڑکیں بحال نہیں ہوئیں، کے ایم سی کی ٹیم رات کے اس پہر بھی کام کر رہی ہے، میرے لوگ جب صبح اٹھیں تو انھیں سڑکیں بنی ہوئی ملیں۔میئر نے کہا 170000 اسکوائر فٹ سڑک تعمیر کر رہے ہیں، ہم صبح گیارہ بجے پریس کانفرنس نہیں کرتے کام کرتے ہیں، جو وسائل ہیں اور پیسہ ہے وہ لوگوں کا ہے، کے ایم سی اپنی حدود سے بڑھ کر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس سال 28 ارب روپے خرچ کرنے جا رہے ہیں، اس کا فائدہ کراچی کو ہوگا، اسلام آباد سے بیٹھ کر کام نہ کریں، ہم کوئی کالونی نہیں ہیں کہ کام اسلام آباد کی کمپنی کے ذریعے ہو، کراچی کے لوگ ہمیں پکڑ سکتے ہیں لیکن اسلام آباد کے لوگوں کو نہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف دل بڑا کریں کراچی آئیں، اور چند گھنٹوں کے لیے نہیں چند دن کے لیے آئیں، فراخ دلی کا مظاہرہ کریں اور کراچی کو بجٹ دیں۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کو پیغام ہے اسلام آباد سے کام نہیں ہوں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف ایک رات نہیں بلکہ کئی دن کراچی آئیں، وزیراعظم کراچی کے لیے فراخدلی دکھائیںمیئر کراچی مرتضی وہاب نے ضلع جنوبی کے مرکزی علاقے صدر میں واقع ایمپریس مارکیٹ اور شاہراہ لیاقت کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سڑکوں کی مرمت کے جاری کام کا معائنہ کیا۔اس موقع پر کے ایم سی کے محکمہ انجینئرنگ کے افسران نے میئر کراچی کو مرمتی کام کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور انہیں مختلف مقامات کا دورہ کرایا۔