ایک ماہ میں آرگینک میٹ کی15.6ملین ڈالر کے برآمدی آرڈر ز ملنا خوش آئند ہے‘نجم مزاری

حکومتی سرپرستی سے پاکستان آرگینک خوراک کا نیا مرکز بن سکتا ہے،قومی آرگینک پالیسی تشکیل دی جائے

اتوار 28 ستمبر 2025 15:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2025ء)آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسر چ کرنے والے ادار ے کے سربراہی نجم مزاری نے ایک ماہ میں آرگینک میٹ کے 156لاکھ ڈالر کے برآمدی آرڈر ز معاہدوںاور چینی کمپنی کی جانب سے آرگینک کھاد کی فیکٹری لگانے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیشرفت اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان آرگینک خوراک اور مصنوعات کے ذریعے عالمی مارکیٹ میں اپنا جگہ بنا سکتا ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے میں بھی مثبت اشارے سامنے آئے ہیںجس کے تحت پاکستان اور چین کے سائنسدانوں کی مشترکہ کاوشوں سے ٹماٹر کی کاشت میں ایک انقلابی منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت کسان پہلے مرحلے میں کھادوں اورکیمیکل اسپرے میں 40 فیصد تک کمی کے باوجود بہتر پیداوار حاصل کر سکتے ہیں اور یہ نتائج بھی اخذ کئے گئے ہیں کہ اس اقدام سے نہ صرف ماحول دوست کاشت کو فروغ ملے گی بلکہ پائیدار زرعی ترقی بھی ممکن ہو گی۔

(جاری ہے)

نجم مزاری نے کہا کہ چین کے ایک بڑے گروپ کی جانب سے پنجاب میں آرگینک کھاد کی فیکٹری لگانے کا فیصلہ بھی مثبت پیشرفت ہے جو ظاہر کرتا ہے کہ حکومتی سرپرستی سے پاکستان نہ صرف عالمی سطح پر آرگینک خوراک کی مارکیٹ میں مضبوط پوزیشن حاصل کرے گا بلکہ ملکی زرعی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔نجم مزاری نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے آرگینک خوراک اور مصنوعات کے ڈیٹا کے تجزیے کے لئے اعلی سطحی کونسل تشکیل دی جائے جو عالمی سطح پر اس کے رجحان اور پاکستان میں اس کے پوٹینشل کے حوالے سے سفارشا ت مرتب کر ے اور اس کی بنیاد پر قومی آرگینک پالیسی تشکیل دی جائے ۔