خودکش بمباروں کو پاکستان لانے والا دہشت گرد کمانڈر افغانستان میں ہلاک

احسانی 2022ء میں پشاور کے کوچہ رسالدار دھماکے کا مرکزی سہولتکار بھی تھا، اس افسوسناک سانحے میں 67 افراد شہید ہوئے تھے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 28 ستمبر 2025 15:31

خودکش بمباروں کو پاکستان لانے والا دہشت گرد کمانڈر افغانستان میں ہلاک
کابل ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 ستمبر2025ء ) خودکش بمباروں کو پاکستان لانے والا دہشت گرد کمانڈر افغانستان میں مارا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطانق افغانستان میں داعش خراسان کو بڑا جھٹکا لگا ہے جہاں تنظیم کا اعلیٰ کمانڈر محمد احسانی مزار شریف میں نامعلوم مسلح افراد کی کارروائی میں ہلاک ہوگیا، ہلاک دہشت گرد انوار کے نام سے بھی جانا جاتا تھا کو نسلی اعتبار سے تاجک تھا اور خودکش بمباروں کو تربیت دینے اور انہیں پاکستان لانے کا ذمہ دار تھا۔

(جاری ہے)

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ محمد احسانی 2022ء میں پشاور کے کوچہ رسالدار دھماکے کا مرکزی سہولت کار بھی تھا، اس افسوس ناک سانحے میں 67 افراد شہید ہوئے تھے، اس کے علاوہ بھی احسانی پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے منصوبہ سازوں میں شمار ہوتا تھا اور اس کی ہلاکت داعش خراسان کی کارروائیوں کے لیے بڑا دھچکہ ہے۔ سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخواہ میں جاری آپریشن سربکف کے دوران رواں ماہ داعش خراسان کے تین دہشت گرد بھی مارے گئے تھے، جن میں ایک افغان شہری بھی شامل تھا، اس کے ساتھ ساتھ باجوڑ اور دیگر علاقوں میں داعش خراسان اور کالعدم ٹی ٹی پی کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔