Live Updates

ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب متاثرین میں وفاقی حکومت کی جانب سے امدادی رقوم کے چیک تقسیم

اتوار 28 ستمبر 2025 22:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) ڈیرہ اسماعیل خان میں حالیہ طوفان اور شدید بارش سے متاثرہ افراد میں وفاقی حکومت کی جانب سے امدادی رقوم کے چیکس تقسیم کرنے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مہمان خصوصی نمائندہ برائے گورنر خیبر پختونخوا مبشر خان کنڈی سمیت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فرحان خان، اسسٹنٹ کمشنر سید محمد ارسلان، صدر ڈسٹرکٹ بار و ڈویژنل پریزیڈنٹ پاکستان پیپلز پارٹی قیضار خان میانخیل اور جمعیت علمائے اسلام کے نمائندہ کفیل احمد نظامی نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران حالیہ طوفان اور شدید بارش سے ہونے والے حادثات کے باعث جاں بحق ہونے والی خاتون کے والد محمد ہاشم کو وفاقی حکومت کی جانب سے 20 لاکھ روپے کا امدادی چیک دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فرحان خان نے کہا کہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضلعی انتطامیہ کی جانب سے نہ صرف قبل از وقت اقدامات اٹھائے گئے تھے تاکہ تمام متعلقہ محکمے الرٹ رہیں بلکہ طوفان اور شدید بارش کے دوران بھی امدادی سرگرمیوں سے متعلق تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گئے۔

اسی تسلسل میں نہ صرف بروقت سروے کو یقینی بنایا گیا بلکہ فاقی و صوبائی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ امدادی رقوم کے چیکس بھی فوری طور پر متاثرین میں تقسیم کیے گئے۔ اسی طرح بحالی سے متعلق بھی فوری اقدامات اٹھائے گئے تاکہ عوام کو درپیش تکالیف کا ازالہ جلد ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کلائمیٹ چینج کے خطرات سے جہاں پوری دنیا متاثر ہو رہی ہے اسی فہرست میں پاکستان بھی شامل ہے لہذا اس کے تدارک کیلئے ہم سب نے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ طوفان اور شدید بارش کے دوران مختلف حادثات کے باعث مجموعی طور پر آٹھ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ قبل ازیں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے 7 افراد میں چیک تقسیم کیے جا چکے تھے جبکہ چند ناگزیر وجوہات کے باعث ایک چیک زیر التواء تھا جو کہ آج لواحقین کو فراہم کر دیا گیا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات