Live Updates

سپارکو اور انٹر اسلامک نیٹ ورک برائے خلائی سائنس و ٹیکنالوجی کے اشتراک سے پانچ روزہ بین الاقوامی تربیتی کورس کا آغاز

پیر 29 ستمبر 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) سپارکو اور انٹر اسلامک نیٹ ورک برائے خلائی سائنس و ٹیکنالوجی کے اشتراک سے اسلام آباد میں "آفات سے نمٹنے –ردعمل سے پیشگی تیاری" کے عنوان سے پانچ روزہ بین الاقوامی تربیتی کورس کا آغاز ہو گیا ہے۔ یہ کورس 29 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ کورس میں او آئی سی کے رکن ممالک جیسے کہ تیونس، لیبیا، سینیگال اور عراق سے تعلق رکھنے والے ماہرین، محققین اور پالیسی ساز شریک ہیں۔

اس کا مقصد خلائی ٹیکنالوجی کے ذریعے آفات کے خطرات کو کم کرنے اور بروقت تیاری کے لئے علاقائی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے۔ شرکاء کو سیٹلائٹ ریموٹ سینسنگ، جغرافیائی معلوماتی نظام (GIS)، ڈیزاسٹر مانیٹرنگ اور فوری نقصانات کے تجزیے جیسے جدید طریقوں کی تربیت دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

خصوصی سیشنز میں گوگل ارتھ انجن، ڈیزاسٹر واچ اور HEC-RAS 2D سافٹ ویئر کے ذریعے سیلاب کے خطرے والے علاقوں کی نشاندہی بھی شامل ہے۔

انٹر اسلامک نیٹ ورک برائے خلائی سائنس و ٹیکنالوجی کی ایڈمنسٹریٹر صدف سجاد نے کہا کہ خلائی سائنس اب ایک آپشن نہیں بلکہ جدید دور کی ضروریات میں شامل ہو چکی ہے۔ ڈاکٹر محمد فاروق (سپارکو)نے کہا کہ سیٹلائٹ اور GIS ٹولز حکومتوں کو بروقت اور مؤثر فیصلے کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ لیبیا کے ڈاکٹر جلال الانطوی نے کہا کہ آفات سرحدوں کی قید میں نہیں ہوتیں، اس لئے علاقائی تعاون اور مشترکہ سیکھنے کی اشد ضرورت ہے۔

مہمان خصوصی ظفر اقبال نے کہا کہ پاکستان اگرچہ عالمی کاربن کے اخراج میں بہت کم حصہ رکھتا ہے لیکن یہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ یہ کورس شرکاء کو نہ صرف نظریاتی علم بلکہ عملی مشقوں اور کیس سٹڈیز کے ذریعے اپنے ممالک میں مؤثر آفات سے نمٹنے کی حکمت عملی اپنانے کے قابل بنائے گا۔ یہ اقدام پاکستان کے سائنسی تعاون کے جذبے اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات