ویمن پارلیمانی کاکس کا گیارہویں جنرل اسمبلی اجلاس ، ایچ پی وی ویکسی نیشن مہم بارے پریزنٹیشن دی گئی

منگل 30 ستمبر 2025 14:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2025ء) ویمن پارلیمانی کاکس (ڈبلیو پی سی) کا گیارہویں جنرل اسمبلی اجلاس منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوا جس میں ڈبلیو پی سی کے اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران کاکس کو اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کی جانب سے وزارت انسانی حقوق کے اشتراک سے تیار کردہ ٹیکنالوجی کی سہولت سے متعلق صنفی بنیاد پر تشدد (ٹی ایف جی بی وی) پر پاکستان کی پہلی قومی حکمت عملی کی تشکیل بارے بریفنگ دی گئی ۔

اراکین ابھرتے ہوئے عالمی پالیسی کے رجحانات ،قانون سازی کی نگرانی کی حکمت عملیوں، اور موثر وکالت کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔اجلاس میں فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن (ایف ڈی آئی)، وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کی طرف سے آئندہ ملک گیر ہیومن پیپیلوما وائرس (ایچ پی وی) ویکسی نیشن مہم بارے جامع پریزنٹیشن بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

ڈبلیو پی سی کے اراکین کو مہم بارے تفصیلی معلومات پر مشتمل بروشرز فراہم کیے گئے ۔ ڈبلیو پی سی کی ارکان نے صحت عامہ کے اس اہم اقدام بارے عوامی بیداری پیدا کرنے کے لیے حمایت کا اظہار کیا۔ پنجاب، سندھ، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں 15 سے 27 ستمبر 2025 تک چلائی جانے والی اس مہم کے تحت ابتدائی طور پر 9 سے 14 سال کی عمر کی لڑکیوں کو مفت، سنگل خوراک، ڈبلیو ایچ او سے منظور شدہ ویکسین کا ہدف بنایا جائے گیا۔

اجلاس میں پارلیمنٹیرینز، حکومتی اداروں، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور بین الاقوامی شراکت داروں کے درمیان مربوط کارروائی پر زور دیا گیا ۔ اجلاس میں ڈاکٹر نکہت شکیل خان ، پارلیمانی سیکرٹریز رانا انصار، سبین غوری اور صبا صادق کے علاوہ ارکان قومی اسمبلی سیدہ شہلا رضا، ہما چغتائی، صوفیہ سعید شاہ، تمکین اختر نیازی، شہناز سلیم ملک، نتاشہ دولتانہ ، ثمینہ خالد گھرکی، نائمہ کنول، مہتاب اکبر راشدی، اختر بی بی، منیبہ اقبال، ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ اسلم سومرو، نعیمہ کشور خان، مسرت رفیق مہیسر نے شرکت کی۔