پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے سے علاقائی امن، سلامتی اور پائیدار استحکام میں مدد ملے گی، پاکستانی سفیر

بدھ 1 اکتوبر 2025 11:20

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے مملکت کے ساتھ پاکستان کے قریبی سکیورٹی تعلقات کو سراہتے ہوئے دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق انہوں نے عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دیرینہ اور تاریخی بردارانہ تعلقات قائم ہیں جن کی جڑیں ہمارے مشترکہ عقیدے، ثقافت اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے روابط میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ باہمی دفاع کے معاہدے پر دستخط دونوں ممالک کے درمیان برسہا برس سے چلے آ رہے فطری بندھن کا تسلسل ہے اور یہ سلامتی کی مضبوطی، خطے کے اندر اور اس سے باہر امن کو فروغ دینے اور قریبی دفاعی تعاون کو بڑھانے کے عزم کا عکاس ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس سے مشترکہ طور ہماری وہ صلاحیت مضبوط ہوئی ہے جو کسی جارحیت روکنے کے لیے درکار ہوتی ہے۔

معاہدے کے مطابق دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی خود مختاری کے دفاع کا عزم ظاہر کیا اور اس میں یہ بھی شامل ہے کہ ایک پر حملہ دونوں پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ باہمی دفاعی معاہدے سے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دہائیوں سے چلی آنے والی دفاعی شراکت داری مضبوط ہوئی ہے اور اس سے علاقائی امن، سلامتی اور پائیدار استحکام میں بھی مدد ملے گی۔

اس معاہدے کی بنیاد بھائی چارے اور مذہبی یکجہتی کے ساتھ ساتھ مشترکہ سٹریٹجک مفاد اور قریبی دفاعی تعاون پر ہے۔ معاہدے پر دستخط ہونے کے بعد ریاض کی اہم عمارت کنگڈم ٹاور پر سعودی عرب اور پاکستان کے پرچموں سے چراغاں کیا گیا۔ پاکستانی سفیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ معاشی تعاون مثبت راستے پر آگے بڑھ رہا ہے، دونوں ممالک بھائی چارے اور تعاون کی ایک طویل تاریخ رکھتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دو طرفہ تعلقات کثیرجہتی، بے مثال اور پائیدار ہیں اور دونوں ممالک کی قیادت ان کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتی ہے، یہ تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی تعاون میں مثبت پیشرفت دہائیوں پرانی دفاعی شراکت داری کا تسلسل ہے۔ 1947 میں دونوں ممالک کے درمیان قائم ہونے والے تعلقات بعدازاں سفارتی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں ایک جامع شراکت داری کی شکل میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاعی معاہدہ اس وقت ہوا تھا جب پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔