امن منصوبے سے مسئلہ فلسطین حل اورغزہ پر قبضہ ختم ہونا چاہیے،میرواعظ عمر فاروق

بدھ 1 اکتوبر 2025 11:41

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے حقیقی حل کے لئے جنگ بندی سے آگے بڑھ کر غزہ پر قبضے اور فلسطینیوں کو دہائیوں سے درپیش مشکلات کے خاتمے کو یقینی بنانا چاہیے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میرواعظ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے کے لئے اعلان کردہ 20نکاتی امن منصوبہ خوش آئند ہے کیونکہ اس کا مقصد فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ فلسطین کے لوگوں کو ایک منصفانہ حل کی ضرورت ہے جو انصاف، وقار اور آزادی کی ضمانت دے۔ انہوں نے امید ظاہرکی کہ یہ منصوبہ بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کی بنیاد پر پائیدار امن کا آغاز ثابت ہو گا۔کشمیری رہنما نے فلسطین کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اپنے وقار اور آزادی کے لئے ان کی جدوجہد دنیا بھر کے مظلوموں کے لئے ایک مثال ہے۔