خواتین اپنی صحت کو اولین ترجیح دیں، ایک ماں، بہن یا بیٹی کو بچانا دراصل آنے والی نسلوں کو بچانا ہے، خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری

بدھ 1 اکتوبر 2025 13:56

خواتین اپنی صحت کو اولین ترجیح دیں، ایک ماں، بہن یا بیٹی کو بچانا دراصل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے چھاتی کے سرطان کو سنجیدگی سے لینے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین اپنی صحت کو اولین ترجیح دیں، ایک ماں، بہن یا بیٹی کو بچانا دراصل آنے والی نسلوں کو بچانا ہے۔

(جاری ہے)

چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے ماہ کے آغاز پر بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں ہر نویں خاتون کو چھاتی کے سرطان کا خطرہ ہے، ابتدائی مرحلے میں تشخیص سے صحتیابی کی شرح نوے فیصد تک پہنچ سکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خواتین خود اپنا معائنہ کریں، تیس سال عمر کے بعد کلینکل چیک اپ اور چالیس سال عمر کے بعد میموگرافی کرائیں اور کسی بھی غیر معمولی علامت کی صورت میں فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں۔خاتون اول نے کہا کہ صحت مند طرِز زندگی چھاتی کے سرطان کے خطرات کم کر سکتا ہے۔ آصفہ بھٹو زرداری نے ڈاکٹروں، نرسوں، رضاکاروں اور تنظیموں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خاندان اور معاشرہ خواتین کا ساتھ دیں تاکہ بروقت علاج ممکن ہو۔انہوں نے کہا کہ ایک ماں، بہن یا بیٹی کو بچانا دراصل آنے والی نسلوں کو بچانا ہے۔\932