حکومت بزرگ شہریوں کی عزت، فلاح اور راحت کیلئے اقدامات کر رہی ہے‘ مریم نوازشریف

بدھ 1 اکتوبر 2025 13:54

حکومت بزرگ شہریوں کی عزت، فلاح اور راحت کیلئے اقدامات کر رہی ہے‘ مریم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بزرگ افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کی عزت و احترام کرنا فرض ہے، حکومت بزرگ شہریوں کی عزت، فلاح اور راحت کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے بزرگ افراد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ بزرگ ہمارے ماضی کا عکس، حال کی روشنی اور مستقبل کیلئے ایک سبق ہیں، بزرگ وہ چراغ ہیں جن کی روشنی میں نسلیں پروان چڑھتی ہیں، بزرگوں نے اپنی جوانی کی توانائیاں، تجربات اور قربانیاں دے کر ہمارے آج کو ممکن بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بزرگ افراد پاکستان کا سرمایہ ہیں، جنہیں خراج تحسین پیش کرتی ہوں، بزرگوں کا احترام ہمارے عقائد اور تہذیب کا حصہ ہے، بزرگوں کے زندگی کے تجربات اور مشاہدات ہمارے لئے خزانے کے مترادف ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ بزرگوں کے حقوق کا خیال رکھنا ہمارا فرض ہے، ان کے لئے وہ آسانیاں پیدا کریں جس کے وہ مستحق ہیں، اپنے بزرگوں کو کبھی فراموش نہ کریں انہیں عزت اور مقام دیں گے جس کا وہ حق رکھتے ہیں، جن معاشروں میں بزرگوں کی قدر ہوتی ہے، وہی معاشرے عروج پاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بزرگ شہریوں کی عزت، فلاح اور راحت کیلئے اقدامات کر رہی ہے، بزرگ شہریوں کیلئے اولڈ ہومز کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے، اولڈ ہوم میں مقیم بزرگ مرد وخواتین نے حج کی سعادت بھی حاصل کی ہے۔وزیراعلی پنجاب نے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ اپنے بزرگوں کا احترام، ان کی عزت اور ان کی خدمت کریں، بزرگ افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کی عزت و احترام کرنا فرض ہے، بزرگوں کو سہولیات فراہم کرنا اور دیکھ بھال کرنا ہماری ذمہ داری ہے، پنجاب حکومت الیکٹرک بسوں میں بزرگ افراد کو مفت سفر کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔