Live Updates

علی امین گنڈاپور کا علیمہ خان پر ملٹری انٹیلیجنس سے رابطوں کا الزام

عمران خان سے ملاقات میں ان کی ہمشیرہ سے متعلق 3 شکایات کی اطلاعات، گروپ بندی میں کردار بھی قرار دیدیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 1 اکتوبر 2025 12:15

علی امین گنڈاپور کا علیمہ خان پر ملٹری انٹیلیجنس سے رابطوں کا الزام
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اکتوبر2025ء ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان پر ملٹری انٹیلیجنس سے رابطوں کا الزام عائد کردیا گیا، سابق وزیراعظم سے ملاقات میں 3 شکایات کردیں۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ علی امین گنڈاپور نے عمران خان سے ملاقات میں میرے بارے میں 3 باتیں کی ہیں، علی امین گنڈاپور نے عمران خان کو بتایا کہ میں ایم آئی (ملٹری انٹیلیجنس) سے رابطے میں ہوں، سارا سوشل میڈیا میرے کنٹرول میں ہے اور پارٹی چیئرمین بننا چاہتی ہوں۔

اسی حوالے سے اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے الزام عائد کیا کہ علیمہ خان کا تمام وی لاگرز سے رابطہ ہے، میرے خلاف مہم چل رہی ہے، عمران خان کو معلوم ہے ان کی بہن کی بدولت پارٹی میں اختلافی تکرار ہورہی ہے، میں بانی پی ٹی آئی کا وفادار ہوں، شکایت کمزور اور منافق لوگ کرتے ہیں، صوبے میں وزارتیں لینا اور تبدیل کرنا سب کچھ عمران خان کی مشاورت سے ہورہا ہے، 7 ماہ پہلے ان وزراء کی کارکردگی سے اسد قیصر کو آگاہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پارٹی میں بہت بڑی تقسیم آچکی ہے، مائنس بانی مہم اور پارٹی تقسیم میں علیمہ خان کا بنیادی کردار ہے، اسی وجہ سے پارٹی میں مایوسی پھیل رہی ہے لیکن عمران خان کومائنس کرنے کی کسی میں ہمت نہیں، کچھ وی لاگرز ٹارگٹ کرکے پارٹی میں تقسیم پیدا کر رہے ہیں، وی لاگرز سے علیمہ خان کا رابطہ ہے اور وہ انہیں منع کرنے کی بجائے شہ دے رہی ہیں، علیمہ خان کے بیٹے پر جب گرفتاری کی بات آئی تو 3 دن بعد رہا ہو گیا، بانی کو بتایا ان کی رہائی کیلئے کوششیں نہیں بلکہ گروپ بندیاں ہو رہی ہیں، پارٹی میں ہر شخص گروپ بندیوں کا سہارا لے کر ذاتی مفادات حاصل کر رہا ہے، عمران خان کو بتانا فرض تھا، پرواہ نہیں کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی ہے کیوں کہ مجھے کرسی اور نہ ہی عہدے کی پرواہ ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات