لداخ میں شہری ہلاکتوں اور کشمیریوں کو حقوق سے محروم رکھنے کے خلاف انجینئر رشید کی بھوک ہڑتال

بدھ 1 اکتوبر 2025 13:20

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2025ء) عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور بھارتی پارلیمنٹ کے نظربند رکن انجینئر رشید نے لداخ میں شہری ہلاکتوں اور کشمیریوں کو بنیادی حقوق سے محروم رکھنے کے خلاف نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں دوروزہ بھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عوامی اتحاد پارٹی کے ترجمان انعام النبی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ انجینئرشید نے بھوک ہڑتال شروع کرنے سے قبل لداخ میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ تشدد کی کسی بھی معاشرے میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

انہوں نے لداخ کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا لیکن انہیں یاد دلایا کہ انہوں نے اگست 2019میں دفعہ370اور 35Aکی منسوخی اور جموں و کشمیر کو مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کرنے کی حمایت کی تھی۔

(جاری ہے)

انعام النبی نے جیل میں بند رکن پارلیمنٹ کے حوالے سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سے سوال کیا کہ حکومت خطے میں تشدد کے باوجود لداخیوں کو بات چیت کی پیشکش کیوں کر رہی ہے، جبکہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے آواز اٹھانے پر پرامن کشمیریوں کو دبایاجارہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ انجینئر رشید کی بھوک ہڑتال لداخ میں خونریزی اور جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ جنہیں ان کے جمہوری اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے، بھارت کی دھوکہ دہی کے خلاف احتجاج ہے ۔