جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈا میں کارگو ٹرمینل کی شاندار افتتاحی تقریب کاانعقاد

بدھ 1 اکتوبر 2025 16:14

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2025ء) جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈا میں کارگو ٹرمینل کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جو پاک فوج، فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (سائوتھ)اور نیشنل لاجسٹک سیل کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ صرف ایک ماہ کے قلیل عرصے میں تعمیر ہونے والا یہ جدید کارگو ٹرمینل نہ صرف جدید سہولیات سے آراستہ ہے بلکہ خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو نئی جہت فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب میں افواج پاکستان کے افسران، قبائلی عمائدین، مقامی تاجران اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور سیکیورٹی فورسز سمیت وفاقی و صوبائی اداروں کی مشترکہ کاوشوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔مقامی عمائدین اور عوام نے اس دن کو امن، ترقی اور خوشحالی کی نئی علامت قرار دیا۔ روایتی اتنڑ اور "پاکستان زندہ باد" کے نعروں نے تقریب کو مزید پرجوش بنایا۔ اس کارگو ٹرمینل کے قیام سے خطے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور مقامی کاروبار مضبوط ہوں گے۔ تقریب کا اختتام پاکستان اور وزیرستان کی خوشحالی و امن کی دعاؤں پر ہوا۔\378