نانجنگ انٹرنیشنل بازار میں پاکستانی ثقافت اور کھانوں نے دھوم مچا دی

بدھ 1 اکتوبر 2025 21:39

نانجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2025ء)نانجنگ ساؤتھ ریلوے اسٹیشن کے این جے سی ایچ آئی پارک میں منعقدہ انٹرنیشنل کلچرل بازار ایک متحرک گلوبل ویلج میں تبدیل ہو گیا، جہاں پاکستان کی رنگا رنگ ثقافت اور لذیذ پکوان شرکاء کی نمایاں توجہ کا مرکز بن گئے۔ گوادر پرو کے مطابقیہ بازار شہر کی ’’آٹم شوگر اینڈ الکوہولک ڈرنکس سیزن‘‘کی تقریبات کا حصہ ہے جس میں 40 سے زائد اسٹالز لگائے گئے ہیں۔

بازار کو چار مختلف موضوعاتی حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں ٹیکنالوجی، تخلیقی سرگرمیاں، سرحد پار تجارت اور ’’بیلٹ اینڈ روڈ‘‘ممالک کی خصوصی نمائش شامل ہے، جن کا مقصد بین الاقوامی تعاون اور ثقافتی تبادلہ کوفروغ دینا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق پاکستانی اسٹالز جنوبی ایشیائی ملک کا اصل ذائقہ پیش کیا گیا، اسٹالز پر بریانی، یخنی پلاؤ، جلیبی اور چکن کڑاہی جیسے روایتی اور دل پسند کھانے پیش کیے گئے، جنہیں زائرین نے خوب سراہا۔

(جاری ہے)

گوادر پرو کے مطابق نانجنگ ٹیک یونیورسٹی میں فوڈ سائنس کی پاکستانی طالبہ ماروشہ نے اپنے کاروباری خوابوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش ہے کہ نانجنگ میں ایک ایسا ریسٹورنٹ کھولوں جو پاکستانی کھانوں کو میرے شوہر کے آبائی ملک بنگلہ دیش کے ذائقوں کے ساتھ جوڑے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مواقع نوجوانوں کو ثقافتی ہم آہنگی پر مبنی کاروباری سوچ اپنانے میں مدد دیتے ہیں۔

گوادر پرو کے مطابق دیگر نمائش کنندگان خان کاشف اور ایڈن نے پاکستانی ذائقے کی اصل جھلک پیش کرنے کے لیے پاکستان سے درآمد شدہ اجزاء استعمال کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے مقامی ذوق کو مدِنظر رکھتے ہوئے اپنے تخلیقی فیوڑن پکوان بھی پیش کیے، جیسے چکن بن اور میشڈ پوٹیٹو بن، جو شائقین کو خوب پسند آئے۔ گوادر پرو کے مطابق بازار میں پاکستانی ثقافت کا تعارف صرف کھانوں تک محدود نہ رہا۔

ساؤتھ ایسٹرن یونیورسٹی کے اسکالر شاہد نے پاکستان کی تہذیب، کھانوں، تاریخی مقامات، کھیلوں کی کامیابیوں، دلکش مناظر، معروف شخصیات اور تعلیمی اداروں پر مبنی معلوماتی پریزنٹیشن پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بین الاقوامی ایونٹس پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے نہایت اہم ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق اس موقع پر پاکستانی طالبات فاریہ رشید اور مناحل آفتاب نے اپنے چینی ہم جماعتوں کے ہمراہ تائی چی کی پرفارمنس دے کر چینی ثقافت سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

موسیقی کے شعبے میں رانا شاہد نے پاکستانی روایتی گیت پیش کیے، جنہوں نے تقریب کو روح پرور بنا دیا اور ماحول کو مزید پرجوش کر دیا۔ گوادر پرو کے مطابق ثقافتی ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے کے لیے پاکستانی طالبات فاریہ رشید اور مناحل آفتاب نے اپنے چینی ساتھیوں کے ہمراہ چینی ثقافت کی قدر دانی کرتے ہوئے تائی چی کا مظاہرہ کیا، جو یونیسکو کے غیر مادی ثقافتی ورثے میں شامل ہے۔ موسیقی کے شعبے میں رانا شاہد کی دل کو چھو لینے والی پاکستانی روایتی گیتوں کی پرفارمنس نے ماحول کو مزید خوشگوار اور پرجوش بنا دیا۔