سی این ایس ہاکی،این بی پی، پورٹ قاسم کا سنسنی خیز مقابلہ برابر،آرمی کی رینجرز پر شاندار فتح

بدھ 1 اکتوبر 2025 20:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2025ء) چوتھے چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ 2025 کے دوران بدھ کو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں سنسنی خیز مقابلے میں پورٹ قاسم اور این بی پی کا میچ 3-3 سے برابر رہا ،دن کے پہلے میچ میں پورٹ قاسم اتھارٹی اور نیشنل بینک آف پاکستان (NBP) نے 3-3 گول سے سنسنی خیز مقابلہ کھیلا جس نے تماشائیوں کو اپنی نشستوں سے باندھے رکھا۔

پورٹ قاسم کی جانب سے علیم عثمان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول کیے، جبکہ امجد نے ایک گول کے ساتھ ٹیم کو برابر رکھنے میں مدد دی۔این بی پی کے لیے فیضان نے دو عمدہ گول اسکور کیے، اور عامر نے بھی ایک گول کر کے اسکور برابر کر دیا۔میچ کے دوران دونوں ٹیموں کو جیت کا موقع ملا، لیکن مضبوط دفاع اور شاندار گول کیپنگ نے مقابلے کو برابر رکھا۔

(جاری ہے)

مزہر عباس (NBP) کو ان کی شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔دوسرے میچ میں پاکستان آرمی نے اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے پاکستان رینجرز کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے دی۔ آرمی کے پانچ مختلف کھلاڑیوں نے ایک ایک گول اسکور کیا: شہزاد، احمد سرور، عثمان، سیف اللہ، اور وسیم اکرم ظ جن کی ٹیم ورک اور متوازن کھیل کی تعریف کی گئی۔رینجرز کی جانب سے عمار اور حمید علی نے ایک ایک گول کر کے مزاحمت دکھائی، مگر آرمی کی جارحانہ حکمت عملی کے آگے وہ زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے۔زین فاروق کو شاندار مڈفیلڈ کنٹرول اور میچ کے ٹیمپو کو سنبھالنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جمعرات کا دن ٹورنامنٹ میں آرام کا دن ہوگا،سیمی فائنلز جمعہ 3 اکتوبر 2025 کو کھیلے جائیں گے