جموں و کشمیر،لیہہ اور کرگل میں پابندیاں اور کرفیو 9ویں روز بھی جاری

جمعرات 2 اکتوبر 2025 13:44

لیہہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کے خطے لداخ میں لیہہ اور کرگل اضلاع میں آج مسلسل 9ویں روز بھی کرفیو اور سخت پابندیاں برقرار ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق موبائل انٹرنیٹ اور دیگر مواصلاتی خدمات بدستور معطل ہیں، چار سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی ہے اور مظاہروں کو روکنے کے لیے بڑی تعداد میں بھارتی فوجی ، پیرا ملٹری اور پولیس اہلکار تعینات ہیں۔

لیہہ ایپکس باڈی اور کارگل ڈیموکریٹک الائنس نے وعدوں کی خلاف ورزی پر بطور احتجاج مذاکراتی عمل سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔دریں اثنا حکام نے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے رکن پارلیمنٹ امرا رام کو راجھستان کی جودھ پور سنٹرل جیل میں نظربند لداخ کے معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک سے ملنے کی اجازت نہیں دی ،انہیں آدھے گھنٹے کے انتظار کے بعد جیل کے دروازے سے واپس لوٹا دیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ونگچک کوئی دہشت گرد نہیں ہیں جو مجھے ان کے ملنے نہیں دیا گیا ۔ا نہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے جابرانہ رویہ اپناتے ہوئے لیہہ میں پرامن مظاہرین پر گولی چلائی اور ان کے رہنما کو جیل بھیجنے کے بعد لداخیوں کے ساتھ غداری کی ہے۔دریں اثنا، لداخ کی متعدد طلبہ تنظیموں نے بھارتی وزارت داخلہ کو خط لکھا ہے جس میں لیہہ میں شہری ہلاکتوں کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ۔ آل کارگل سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن دہلی، لداخ سٹوڈنٹس فورم جے این یو اور دیگر اداروں کی دستخط شدہ یادداشت میں ہائی کورٹ کے ایک جج کی نگرانی میں غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔