وفاقی حکومت آزادکشمیر میں جاری احتجاج اور مسائل کو مکالمے اور قانونی راستوں سے حل کرنے میں پرعزم ہے،وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کے لئے نامزد وفد کے ارکان کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 2 اکتوبر 2025 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کے لئے نامزد وفد کے ارکان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں جاری احتجاج اور مسائل کو مکالمے اور قانونی راستوں سے حل کرنے میں پرعزم ہے،امید ہے کہ باہمی مکالمے کے ذریعے تمام مسائل مثبت اور پرامن ماحول میں حل ہو جائیں گے۔

جمعرات کو وزیر اعظم کی ہدایت پر اعلی سطح کمیٹی میں شامل وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نےمظفرآباد میں عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کے لئے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر میں جاری احتجاج اور مسائل کو مکالمے اور قانونی راستوں سے حل کرنے میں پرعزم ہے، امید ہے کہ باہمی مکالمے کے ذریعے تمام مسائل مثبت اور پرامن ماحول میں حل ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو زمینی صورتحال کا جائزہ لے گی اور آزاد کشمیر میں شراکت داروں سے ملاقاتیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم مظفرآباد کا اعلیٰ سطح کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ صورتحال کا قریب سے جائزہ لیا جا سکے اور عوام سے براہ راست بات چیت کی جا سکے، جہاں بھی قانونی حل ممکن ہو گا، حکومت عوام کے جائز مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

وفاقی وزیر نے آزاد کشمیر کے محب وطن عوام کے جذبات کو تسلیم کرتے ہوئے ان سے پرامن رہنے اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ خطے اور دنیا بھر کی موجودہ صورتحال نہایت حساس ہے، کچھ قوتیں پاکستان میں بدامنی کا فائدہ اٹھا کر اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں، اس لیے یہ بہت ضروری ہے کہ ہم ایسے حالات پیدا نہ کریں جنہیں ملک کے امن اور استحکام کے خلاف استعمال کیا جا سکے۔

وفاقی وزیرنے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت عوام کے مسائل وخدشات سے پوری طرح باخبر ہے اور انہیں پرامن اور تعمیری انداز میں حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم آزاد کشمیر کے عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ان کے مسائل کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا، ہمیں امید ہے کہ باہمی مکالمے کے ذریعے تمام مسائل مثبت اور پرامن ماحول میں حل ہو جائیں گے۔

وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر پاکستان سے وفد مظفرآباد جارہا ہے جہاں وہ اس مذاکراتی عمل کو دوبارہ بحال کرے گا جو کچھ دن قبل تعطل کا شکار ہوا ہے۔اس سے قبل ہمارے دو معزز وفاقی وزرا مظفرآباد گئے تھے،ایکشن کمیٹی کے ساتھ بہت سے معاملات طے ہوچکے تھے۔گزشتہ دو تین دن سے آزادکشمیر کے عوام کو ناخوشگوار صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، اس کا وزیر اعظم پاکستان نے بیرون ملک ہوتے ہوئے نوٹس لیا اور اعلی سطح کا وفد تشکیل دیا جو مذاکرات میں تعطل دور کرنے کے لئے جا رہا ہے۔

ایکشن کمیٹی کے تمام جائز مطالبات حل ہوں گے۔امید ہے کہ ایکشن کمیٹی کے لوگ اس تعطل کو دور کریں تاکہ کشمیری عوام میں پایا جانے والا اضطراب دور ہوسکے۔سابق وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آزادکشمیر کی صورتحال کا جائزہ لینے اور ان کے حل کے لئے وفد مظفرآباد جارہا ہے۔وہاں پر گزشتہ روز پرتشدد واقعات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے،ہماری پوری کوشش ہوگی کہ کشمیر کے عوام کے جائز مطالبات پوری ہوں اوراس صورتحال سے نکالا جا سکا، اس صورتحال سے کوئی بھی پاکستان و کشمیر دشمن کے کئی عزائم ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایکشن کمیٹی کے لوگ محب وطن اور عزت دار ہیں،اس کا بہترین حل یہ ہے کہ بات چیت سے ان کے جائز مطالبات حل ہونے چاہئیں۔یہی خواہش وزیراعظم اور ہماری پارٹی قیادت کی ہے، وہ ہمارے جسم کا حصہ ہیں،ان کی مشکلات ہماری مشکلات ہیں، ان کے جائز مطالبات کا حل ہماری خواہش ہے، مل بیٹھ کر ہر مسئلہ کا حل نکل سکتا ہے، جیسے حالات ہیں ان سے مزید نقصان کا احتمال ہے۔

انہوں نے کہا کشمیری صبر اور تحمل کے ساتھ ہمارے ساتھ بیٹھیں، کامل یقین ہے کہ اس کا حل نکل آئے گا۔وزیر اعظم کے معاون رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر مختلف جماعتوں کے رہنمائوں پر مشتمل وفد اس امید اور جذبے سے جا رہا ہے کہ معاملات کے حل کے لئے بات کریں، تشدد سے معاملات الجھتے ہیں سلجھتے نہیں، وہ ہمارے بھائی ہیں ان کے ساتھ ہمدردی ہے، ان کے جائز مطالبات کے حل کے لئے ایک راستہ تلاش کریں جو آئین وقانون کے مطابق ہو اور اس پر چل کر اس مسئلہ کا حل نکالا جاسکے اور امن و امان برقرار ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس جذبے کے تحت جارہے ہیں اور پورا یقین ہے کہ ایکشن کمیٹی کے ساتھ بیٹھیں گے تو الجھائو کو سلجھا دیں گے۔وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیر اعظم کی طرف سے معاملے میں دلچسپی لینے پر ان کاشکریہ ادا کرتے ہیں، وفد میں بڑے تجربہ کار لوگ شامل ہیں،پہلے بھی ہماری کوشش تھی کہ مسائل کا پرامن حل نکالا جائے، اسی لئے مذاکرات کئے، اب پھر ان سے بات چیت کے لیے جارہے ہیں۔

ہم اخلاص نیت کے ساتھ جارہے ہیں اور مل بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کریں گے۔وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ ہم آزادکشمیر جاکر عوامی ایکشن کمیٹی سے بات کریں گے، ہر مسئلہ کا حل بات چیت میں ہے، ہم سارے ذمہ دار لوگ ہیں، ایکشن کمیٹی کے جو جائز مطالبات ہوں گے وہ مانیں گے، یہی وزیر اعظم کی ہدایت ہے، ایکشن کمیٹی سے بھی توقع ہے کہ گفت وشنید سے اس مسئلہ کا حل نکل آئے گا۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اعلی سطح کا وفد مظفرآباد جا رہا ہے، ہماری پوری کوشش ہے کہ معاملات پرامن طریقے سے مذاکرات سے حل ہوں، تشدد کسی مسئلہ کا حل نہیں ہے۔سابق وفاقی وزیر وپیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری قمر زماں کائرہ نے کہا کہ مذاکرات اور معاملہ فہمی سے مسائل کے حل کی کوشش کریں گے، ہر مسئلہ کا حل مذاکرات میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ احتجاج کرنے والے وزیر اعظم پاکستان کی اس کاوش پر ہمارے ساتھ تعاون کریں گے۔\395\932